اسلام آباد( عامر اقبال ہاشمی )مظفر آباد کے حلقہ کھاوڑہ سے سینئر سیاستدان ، سابق سینئر وزیر راجہ عبدالقیوم خان نے بھی پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرادی ہے جس کے بعد راجہ ثاقب مجید کیلئےمشکل کھڑی ہونے کا امکان ہے۔
سابق سینئر وزیر،پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر راجہ محمد عبدالقیوم خان نے گزشتہ روز اپنےرفقاء کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے مرکزی دفترچاندنی چوک راولپنڈی میں باضابطہ طور پر اپنی درخواست جمع کروا دی۔
یہ بھی پڑھیں: ثاقب مجید کی ن لیگ میں انٹری ، کھاوڑہ کی سیاست دلچسپ مرحلہ میں داخل،سابق امیدواروں کا مستقبل کیا ہوگا؟
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) حلقہ کھاوڑہ کے سابق صدر راجہ شوکت اقبال، جنرل سیکرٹری سردار تسلیم عباسی، ممبر مجلسِ عاملہ راجہ عاصم سلیم، ریٹائرڈ ایس ڈی او راجہ الیاس لطیف، سینئر لیگی رہنما راجہ قیصر مجید، راجہ پرویز مجیدان کے ہمراہ تھے۔
صدر یوسی ٹھیریاں راجہ آفتاب اکبر، ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) مظفرآباد راجہ گلزار ایڈووکیٹ، عارف حسین شاہ ، صدر یونین کونسل نورپور نکراں امیدوار ممبر ضلع کونسل راجہ عدنان شاہجہان، راجہ انصل حمید ، راجہ عابد زین، راجہ نعیم خان، ظہیر عباسی اور راجہ عبدالجبار خان ہمراہ موجود تھے۔
سینئر سیاستدان کی حلقہ کی انتخابی سیاست میں انٹری سے حال ہی میں مسلم کانفرنس چھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے راجہ ثاقب مجید کیلئے ٹکٹ کا حصول مشکل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
راجہ عبدالقیوم خان2016 میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر حلقہ کھاوڑہ سےممبراسمبلی منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 2021 کے انتخابات میں صحت خرابی کےباعث انہوں نے ٹکٹ واپس کردیا تھا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ راجہ عبدالقیوم خان کی انٹری سے جہاں ثاقب مجید راجا کیلئے ٹکٹ کا حصول مشکل ہوگا وہی اگر راجہ عبدالقیوم خان الیکشن لڑنے پر ڈٹ گئے تو ثاقب مجید راجا کیلئے میدان آسان نہیں ہوگا۔راجہ عبدالقیوم خان حلقہ میں اپنا بڑا حلقہ احباب رکھتے ہیں ۔
حلقہ کھاوڑہ کے ٹکٹ کی سیاسی جنگ کون جیتے گا یہ تووقت بتائے گا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلم لیگ(ن) دو حصوں میں تقسیم ضرور ہے اور الیکشن میں مسلم لیگ کے عہدیداروں سے ہی دو سے تین امیدوار حلقہ کھاوڑہ سے میدان میں اترنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف سابق امیدوار اسمبلی وٹکٹ ہولڈر راجہ ابرار ایڈووکیٹ نے بھی ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرائی ہے اور چوہدری شفقت ایڈووکیٹ بھی ٹکٹ کے خواہشمند ہیں،ان تینوں کے متحد ہونے پر بھی ثاقب مجید کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی،مسلم کانفرنس کوبڑا جھٹکا، سینکڑوں افراد مسلم لیگ ن میں شامل
گزشتہ دنوں راجہ عبدالقیوم خان نے کہا تھا کہ ٹکٹ راجہ ابرار ایڈووکیٹ، چوہدری شفقت اور مجھ سے کسی کو بھی ملے ایک دوسرے کی سپورٹ کرینگے ، کوئی نیا شامل ہونے والا قبول نہیں ہوگا۔
ٹکٹ کون حاصل کریگا اور الیکشن کون جیتے گا یہ تووقت ہی بتائےگا لیکن الیکشن سے کئی ماہ قبل ہی حلقہ کھاوڑہ میں الیکشن کا ماحول بن چکا ہے ۔




