اسلام آباد؛وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاہدے کے زیادہ تر نکات پر عملدرآمد ہو چکا، ہیلتھ کارڈ20جنوری تک لانچ کردیا جائیگا۔
پیر کے روز اسلام آباد میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور آزادکشمیر کے وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے جہاں دیگر نکات پر عملدرآمد کا بتایا وہاں ہیلتھ کارڈ کی لانچنگ تاریخ بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست بھر میں ہیلتھ کارڈ سہولت کو بلا تاخیر فعال کیا جائے ،وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور
یاد رہے کہ وفاقی حکومت اورجموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین طےپانے والے معاہدے میں یہ طے تھا کہ آزادکشمیر میں ہیلتھ کارڈ بحال کیا جائیگا۔
وفاقی حکومت، آزادکشمیر حکومت اورجموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین اکتوبر میں معاہدہ طے پایا تھا کہ 15 دنوں میں ہیلتھ کارڈ بحال کیا جائیگا۔
آزادکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سمیت وزراء نے کئی بار اعلان کیا کہ ہیلتھ کارڈ جلد جاری ہوگا لیکن ابھی تک کسی انشورنس کمپنی سے معاہدہ ہی طے نہیں پا سکا۔
آزادکشمیر حکومت نے بجٹ میں 2ارب روپے ہیلتھ کارڈ کیلئے مختص کئے تھےجو عوام کو سہولیات دینے کیلئے کم ہیں اور 6 ماہ میں سہولت کا آغاز نہیں کیا جاسکا،اب وفاق کی طرف سے اس سلسلہ میں پیکیج دیئے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صحت کارڈ کی بحالی؟ہسپتالوں کی وائرل فہرست جعلی قرار
گزشتہ دنوں ہسپتالوں کی ایک فہرست بھی آئی تھی جس کی محکمہ صحت آزادکشمیر نے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انشورنس کمپنی سے معاہدہ کے بعد باضابطہ ہیلتھ کارڈ کا افتتاح کیا جائیگا۔
یاد رہےکہ 2023سے ہیلتھ کارڈ کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے




