اسلام آباد: خصوصی سہولت سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کے سرمایہ دوست ڈیجیٹل اصلاحاتی فریم ورک کے تحت سال 2026 میں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کا خوش آئند اور پُراعتماد آغاز ہوا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی دوراندیش معاشی حکمتِ عملی کے باعث پاکستان کے ڈیجیٹل بینکاری نظام پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: توانائی کے شعبے میں تاریخی پیشرفت، چینی فاملنک پاور ٹیکنالوجی گروپ کابھاری سرمایہ کاری کااعلان
سال 2026 کے آغاز پر پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک نمایاں اور حوصلہ افزا غیر ملکی سرمایہ کاری سامنے آئی ہے، جس کے تحت عالمی ڈیجیٹل آپریٹر وی اون گروپ نے موبی لنک بینک میں 20 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اس پیش رفت کو پاکستان کے ڈیجیٹل اور اسلامی بینکاری شعبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ سرمایہ کاری جنوری 2025 میں کی گئی 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تسلسل ہے، جو موبی لنک بینک کی مسلسل ترقی اور پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹم پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
موبی لنک بینک، وی اون گروپ کا ذیلی ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں 150 ملین کنیکٹیویٹی صارفین اور 140 ملین ماہانہ ڈیجیٹل صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔
سرمایہ کاری کا بنیادی مقصد موبی لنک بینک کے ایم ایس ایم ای فنانسنگ پورٹ فولیو اور ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کو فروغ دینا ہے، جبکہ یہ اقدام موبی لنک بینک کو ایک ٹیکنالوجی پر مبنی، ڈیجیٹل نیٹو بینک کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا۔
اس سرمایہ کاری کے ذریعے خواتین، چھوٹے کاروباروں اور کم سہولت یافتہ طبقات کو ریگولیٹڈ مالی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا بھی کلیدی ہدف قرار دیا گیا ہے۔
وی اون گروپ کے مطابق یہ سرمایہ کاری اعلیٰ اثر رکھنے والے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹمز کو مضبوط بنانے کی اس کی عالمی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
موبی لنک بینک اور جازکیش پر مشتمل مربوط ڈیجیٹل مالیاتی نظام پاکستان کے فِن ٹیک اور مالی شمولیت کے ایجنڈے کو نئی رفتار دے رہا ہے۔
اس موقع پر وی اون گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور چیئرمین موبی لنک بینک عامر ابراہیم نے کہا کہ وی اون کی جانب سے مسلسل سرمایہ کاری پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں جاری ساختی تبدیلیوں پر طویل المدتی اعتماد کی واضح علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سولر انقلاب: اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اورروزگار کے مواقع
عامر ابراہیم کے مطابق یہ سرمایہ کاری موبی لنک بینک اور جازکیش کے ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کو مزید تقویت دے گی۔
2026 کی یہ پہلی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی بحالی، اصلاحاتی پیش رفت اور ترقیاتی سمت پر عالمی اعتماد کی مضبوط توثیق قرار دی جا رہی ہے۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون اور سرمایہ دوست ماحول کے باعث پاکستان عالمی ڈیجیٹل بینکاری اور فِن ٹیک سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش مرکز بن چکا ہے، جبکہ ایس آئی ایف سی کی بصیرت افروز رہنمائی میں پاکستان 2026 میں سرمایہ کاری، عالمی اعتماد اور پائیدار ترقی کے سنہرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔




