اسلام آباد/مظفرآباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں، گزشتہ روز شدید سردی کے باوجود آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے آزادی چوک پر رات کو مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیاگیا۔
5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق میں قرار داد پاس کی تھی جس کے تحت کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد ، حق خودارادیت کے مطالبے کیلئے پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کی مشعل بردار ریلی
ہر سال اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ یاد دلانا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی ذمہ داری کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔
دنیا بھر میں آج مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا اسی سلسلہ میں آج اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل راٹھور، چیئرمیں کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون سمیت اہم شخصیات شریک ہونگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آج کے دن اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جنوری کویو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کوتسلیم کیا گیا، 5 جنوری1949 کویو این کمیشن برائے بھارت وپاکستان نے تاریخی قرارداد منظورکی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرارداد میں طے پایاکہ ریاستِ جموں وکشمیرکےمستقبل کا فیصلہ آزادانہ اورغیر جانبدارانہ رائے شماری سے ہوگا لیکن افسوس کہ بھارت کے جموں وکشمیر پر غیرقانونی قبضے کے باعث یہ عہد پورا نہ ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، صدر آصف زرداری
وزیراعظم نے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کررہے ہیں مگر بھارتی جبر و تشدد کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو پست کرنے میں ناکام رہے۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری سے بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کردیا۔




