ڈھاکا:بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔
بنگلادیش کے وزیرِ کھیل آصف نذرل نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیشی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گی ۔ بی سی بی نے یہ اعلان آج بروز اتوار 4 جنوری کو کیا ۔
وزیرِ کھیل کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں جو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ اور فرقہ وارانہ پالیسیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بونڈی بیچ کے ہیرو احمد ال احمد کا ایس سی جی گراؤنڈمیں شاندار استقبال
ان کے مطابق بھارتی انتہا پسند عناصر کے دباؤ میں آ کر آئی پی ایل سے بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیا گیا ، جس کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے مطالبہ کرے گا کہ ورلڈ کپ کے دوران بنگلادیش کے میچز سری لنکا میں کرائے جائیں ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے میچز بھارت میں شیڈول ہیں ، جن میں تین میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں کھیلا جانا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وسیم اکرم نےاپنے ایک بیان پرعوامی تنقید کے بعدمعذرت کر لی
ادھر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا بھی اعلان کر دیا ہے ۔ لٹن کمار داس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سیف حسن نائب کپتان ہوں گے ۔ بنگلادیش کے گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں شامل ہیں ۔
بنگلادیش کا پہلا میچ 7 فروری کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ہے، تاہم بھارت نہ جانے کے فیصلے کے بعد میچز کے مقام میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔




