پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر وسیم اکرم کو سالِ نو کے موقع پر دیے گئے اپنے ایک بیان پر شدید عوامی تنقید کے بعد بالآخر معذرت کرنا پڑی ہے۔
سوشل میڈیا پر بیان کے وائرل ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا، جبکہ بعض صارفین نے وسیم اکرم پر پاکستانی عوام کو ’ڈنگر‘ کہنے کا الزام بھی عائد کیا، جس نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر منظرِ عام پر آئی، جس میں وہ پاکستانی عوام کو غیر ضروری اور حد سے زیادہ کھانے سے گریز کا مشورہ دیتے دکھائی دیے۔ ویڈیو میں استعمال کیے گئے بعض سخت الفاظ نے صارفین کو ناراض کر دیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر اس پر شدید تنقید شروع ہو گئی اور صارفین کی بڑی تعداد نے اس بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے سابق کپتان کو آڑے ہاتھوں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر ، ملتان سلطانز بارے بھی اہم فیصلہ
عوامی دباؤ اور مسلسل تنقید کے بعد وسیم اکرم کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی، جس میں انہوں نے اپنے سابقہ الفاظ پر وضاحت پیش کی اور ان افراد سے معذرت کی جنہیں ان کا بیان برا لگا۔ وضاحتی ویڈیو میں وسیم اکرم نے کہا کہ ’’اگر میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں‘‘۔ ان کے اس بیان کے بعد معاملے نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔
– Koray log, I want answers!!!#StayHealthy #ExerciseDaily pic.twitter.com/AYOnUw3dfd
— Wasim Akram (@wasimakramlive) January 3, 2026
تاہم معذرت کے ساتھ ساتھ وسیم اکرم نے یہ شکوہ بھی ظاہر کیا کہ لوگ بات کے اصل مقصد کو سمجھے بغیر صرف الفاظ کو پکڑ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہماری باتوں میں خامیاں نکالی جاتی ہیں لیکن جو اصل پیغام ہوتا ہے، اس پر توجہ نہیں دی جاتی‘‘۔ ان کے مطابق ان کی گفتگو کا مقصد کسی فرد یا قوم کی توہین نہیں تھا۔
سابق کپتان نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’’سچی بات اکثر کڑوی لگتی ہے‘‘ اور اسی تناظر میں انہوں نے عوام کو بہتر طرزِ زندگی اپنانے کا مشورہ دیا تھا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف پر کسی حد تک قائم ہیں اور ان کا مقصد پاکستانیوں کو بے حساب اور بے وجہ کھانے کے نقصانات سے آگاہ کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلوی لیفٹ آرم فاسٹ بولرمچل سٹارک نے وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا
ویڈیو پیغام کے اختتام پر وسیم اکرم نے دعا دیتے ہوئے کہا کہ ’’اللہ ہم سب کو ہدایت دے‘‘۔ واضح رہے کہ وسیم اکرم ماضی میں بھی صحت مند طرزِ زندگی، ورزش اور متوازن خوراک کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کرتے رہے ہیں، تاہم اس بار ان کے الفاظ نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر ردِعمل تاحال جاری ہے۔



