ڈیلسی

امریکا وینزویلا پر قابض ، ڈیلسی روڈریگیز نے ٹرمپ کے دعوے مسترد کر دئیے

کراکس: وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وینزویلا کسی بھی صورت کسی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حملے اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر نکولس مادورو کو اغواء کیا گیا ہے اور وہی وینزویلا کے آئینی اور جائز صدر ہیں ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملکی دفاع کے لیے صبر، حوصلے اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ڈیلسی روڈریگیز کا کہنا تھا کہ امریکی فوجی کارروائی کے بعد وینزویلا اپنے دفاع، خودمختاری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو امریکا پہنچا دیا گیا ، آج عدالت میں پیش کیا جائےگا

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا کی نائب صدر کو بطور صدر حلف دلا دیا گیا ہے ۔ ان کے مطابق نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز نے امریکی سینیٹر مارکو روبیو سے بات کی ہے اور وہ وینزویلا کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے پُرعزم ہیں ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام شروع کریں گی ۔ دوسری جانب وینزویلا کی حکومت نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کے جواب میں خصوصی دفاعی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رواں سال2026 میں دنیا ختم ہوجائےگی ،سنسنی خیز ویڈیوز سامنے آگئیں

یاد رہے کہ امریکا نے وینزویلا پر حملہ کر کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ امریکی جنگی طیاروں نے کارروائی کی جبکہ ڈیلٹا فورس نے دارالحکومت میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا ۔ وینزویلا کی حکومت نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی کا اصل مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے ۔

Scroll to Top