بیجنگ (کشمیر ڈیجیٹل)چینی وزارت خارجہ نے وینز ویلا میں امریکی صدر ٹرمپ کی کارروائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مذمت کا اظہار کیا۔
چین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ امریکا نے خودمختار ملک وینزویلا کے خلاف طاقت کا استعمال کیا، امریکی کارروائی بین الاقوامی قانون اور وینزویلا کی آزادی پر حملہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی فوجی وینزویلین صدراوراہلیہ کو بیڈروم سے گھسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئے
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ امریکی کارروائی خطے میں امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،
امریکا بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرے، امریکا وینزویلا کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرے۔
فرانس نے بھی وینزویلا میں امریکی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے صدر مادورو کی گرفتاری عالمی الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے،
صدرمادورو کو ہٹانا اور وینزویلا کی آزادی کو ٹھیس پہنچانا غلط ہے، وینزویلا کا مستقبل صرف وینزویلا کے عوام خود طے کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے،
جس کے نتیجے میں صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ آپریشن امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
امریکی حملوں اور صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد روس اور ایران سمیت کئی ممالک نے اس پر فوری ردِعمل دیا۔
ایران نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وینزویلا کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ کیوبا اور کولمبیا نے بھی وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کی۔
روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا کے خلاف مسلح جارحیت کا ارتکاب کیا ہے جو انتہائی تشویش ناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اس کارروائی کے جواز کے لیے پیش کی گئی وجوہات بے بنیاد ہیں۔ روس نے اس معاملے پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کے مطالبے کی بھی حمایت کی ہے۔




