پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی سے متعلق جاری تنازع پر مختصر مگر معنی خیز بیان دیا ہے، جس کے بعد اس معاملے پر ایک بار پھر توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سوال کیا گیا کہ ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی اس وقت کہاں موجود ہے۔ صحافی کے اس سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ’جہاں بھی ہے، محفوظ ہے‘۔ ان کے اس مختصر بیان نے ٹرافی کے حوالے سے جاری بحث کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے حالیہ اجلاس میں ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی کا معاملہ باضابطہ طور پر زیرِ بحث نہیں آیا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں بھی ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق کوئی نکتہ شامل نہیں تھا، جس کے باعث اس حوالے سے کسی قسم کی باضابطہ پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی آئی سی سی اجلاس کے دوران ایشیا کپ کی ٹرافی کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں کی۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگز میں یہ معاملہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے اجلاس کے بعد بھی ٹرافی کے حوالے سے سوالات اپنی جگہ موجود رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی اسکواڈکے نام آئی سی سی کو ارسال
سائیڈ لائنز پر چند رکن ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق تنازع کو حل ہونا چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی ابہام یا غلط فہمی سے بچا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق صدر اے سی سی محسن نقوی نے بھی اس معاملے کے حل پر آمادگی ظاہر کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کیا جائے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدر اے سی سی محسن نقوی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ طے پائے۔ اس موقع پر آئی سی سی نے بھی ایشیا کپ ٹرافی کے تنازع کے حل میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اس پیشکش کو رکن ممالک کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی کے کرکٹ گراؤنڈ میں کار ریلی، اُمیدوار اسمبلی ایل اے 32 خلیل مغل کا سخت ردِعمل
ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی سے متعلق یہ معاملہ کرکٹ حلقوں میں خاصی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے، اور محسن نقوی کے بیان کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ اس تنازع کے حل کے لیے آئندہ دنوں میں مزید رابطے اور مشاورت ہو سکتی ہے۔




