پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ارسال کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فہرست باضابطہ طور پر آئی سی سی کو بھجوا دی گئی ہے، جس میں مرکزی کھلاڑیوں کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر 15 رکنی اسکواڈ آئی سی سی کو بھجوایا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔ یہ عمل آئی سی سی کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کو 31 جنوری سے قبل تک یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ آئی سی سی کی اجازت کے بغیر ابتدائی اسکواڈ میں تبدیلی کر سکے۔ تاہم اس تاریخ کے بعد کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے باضابطہ اجازت لینا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے اسکواڈ کا حتمی اعلان کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بورڈ کی حکمتِ عملی کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز میں ایک یا دو کھلاڑیوں کی کارکردگی کو حتمی فیصلے سے قبل جانچا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر جن کھلاڑیوں کے نام شامل کیے گئے ہیں، ان میں دورۂ سری لنکا کے لیے منتخب کیے گئے کھلاڑیوں کے ساتھ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل ہیں۔ یہ نام ابتدائی فہرست کا حصہ بنائے گئے ہیں، جس میں آئندہ کارکردگی کی بنیاد پر تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی کے کرکٹ گراؤنڈ میں کار ریلی، اُمیدوار اسمبلی ایل اے 32 خلیل مغل کا سخت ردِعمل
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی، جس کے لیے ٹیم انتظامیہ پہلے ہی تیاریوں میں مصروف ہے۔



