امریکہ کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے کہا ہے کہ سنہ 2025 میں اس کی گاڑیوں کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دنیا کی سب سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں فروخت کرنے کا اعزاز چینی کمپنی بی وائی ڈی کے پاس چلا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے سن 2025 کے آخری تین ماہ میں چار لاکھ 18 ہزار 227 گاڑیاں ڈیلیور کیں جس سے پورے سال کی مجموعی فروخت تقریباً 16 لاکھ 40 ہزار الیکٹرک گاڑیوں تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں اہم پیشرفت،ایک اور چینی کمپنی نے انٹری دیدی
یہ تعداد 2024 کے مقابلے میں آٹھ فیصد سے زائد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ اس سے ایک دن قبل بی وائی ڈی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے گذشتہ برس 22 لاکھ 60 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں۔
تجزیہ کاروں کو توقع تھی کہ ٹیسلا کی چوتھی سہ ماہی کی فروخت میں نسبتاً کم سست روی آئے گی اور یہ تعداد چار لاکھ 49 ہزار کے قریب ہو گی۔
فروخت میں یہ کمی ستمبر 2025 کے اختتام پر 7500 ڈالر کے امریکی ٹیکس کریڈٹ کے خاتمے کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جبکہ صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کی طلب کو دوبارہ متوازن ہونے میں وقت لگے گا۔
تاہم اس سے پہلے ہی ٹیسلا کو اہم منڈیوں میں فروخت کے مسائل کا سامنا تھا، جس کی ایک وجہ چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر انتہائی دائیں بازو کے سیاست دانوں کی سیاسی حمایت بتائی جا رہی ہے۔
ٹیسلا کو بی وائی ڈی اور دیگر چینی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ یورپی آٹو ساز اداروں کی بڑھتی ہوئی مسابقت کا بھی سامنا ہے۔
شینزین میں قائم بی وائی ڈی جو ہائبرڈ گاڑیاں بھی تیار کرتی ہے نے جمعرات کو گذشتہ برس میں ریکارڈ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرا نے سستی ترین الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرا دیں
چینی زبان میں ’بیادی‘ کے نام سے معروف یا انگریزی نعرے ’بلڈ یور ڈریمز‘ کے تحت پہچانی جانے والی بی وائی ڈی کی بنیاد 1995 میں رکھی گئی تھی اور ابتدا میں یہ بیٹریوں کی تیاری میں مہارت رکھتی تھی۔
اگرچہ بی وائی ڈی اور دیگر چینی الیکٹرک گاڑی ساز اداروں کو امریکہ میں بھاری ٹیرف کا سامنا ہے تاہم جنوب مشرقی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور یورپ میں کمپنی کی کامیابی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔




