گلگت بلتستان کی14رکنی نگران کابینہ تشکیل،خاتون مشیر بھی شامل

گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کونسل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نگران کابینہ میں 12 وزرا اور 2 مشیر شامل کئے گئے ہیں۔

نگران وزیر اعلی گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کی سفارش پر وزیراعظم پاکستان جو گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین بھی ہیں نے نگران کابینہ کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں آزادکشمیر طرز پر احتجاجی تحریک شروع ہوسکتی ہے، گورنرکا انتباہ

نگران کابینہ میں شامل وزرا میں ساجد علی بیگ، انجینئر الطاف حسین ، غلام عباس، کرنل (ر) ابرار اسماعیل ،مہرداد، شراف دین،مولانا سرور شا ہ،راجہ شہباز خان ، ممتاز حسین، ڈاکٹر نیاز علی، سید عدیل شاہ اور بہادر علی جبکہ مشیران میں سیدہ فاطمہ اور عبدالحکیم شامل ہیں۔

نگران کابینہ کو گلگت بلتستان میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

نگران سیٹ اپ کا مقصد عوامی اعتماد کو بحال کرنا اور آئینی و قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے عبوری حکومت کو فعال بنانا ہے۔

گلگت بلتستان کے عوامی، سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے نگران کابینہ کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، تاہم نئی کابینہ کی کارکردگی پر گہری نظر بھی رکھی جا رہی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ نگران ٹیم شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس کو ترجیح دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں درآمدات پر کونسی اشیاء کوٹیکس سے استثنیٰ ہوگا؟ایف بی آر کی وضاحت جاری

یاد رہے کہ 24 نومبر کو حکومت کی مدت ختم ہونے پر جسٹس (ر) یار محمد کو نگران وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی کابینہ ایک ماہ بعد تشکیل دی ہے اس دوران چہ میگوئیاں بھی کی جا رہی تھیں جبکہ گلگت بلتستان میں انتخابات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 24فروی کو شیڈول کئے تھےجو اے پی سی بلا کر ملتوی کئے گئے ہیں۔

 

Scroll to Top