وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھند کا راج

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں بارش کے بعد رات کو اچانگ گہری دھند چھا گئی جس کے بعد کئی علاقے دھند میں ڈوب گئے ہیں۔

اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر نیول اینکریج سے ڈی ایچ اے 2 تک، بحریہ ٹاؤن فیز 4، فیز 7 اور دریائے ساون کے قریب تمام رہائشی علاقے لپیٹ میں آگئے ہیں۔

بارش کے بعد شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہو گئی ہے، موسم سرما میں رواں سال پہلی بار وفاقی دارالحکومت میں اس طرح کی دھند چھائی ہے جس سے ٹریفک روانی متاثر ہونے کیساتھ حادثات کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری طرف شدید دھند اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے ایم ٹو کو کوٹ مومن سے بلکسر تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں شدید دھند، مختلف موٹرویز حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث بند

موٹروے پولیس کے مطابق بلکسر سے اسلام آباد تک ہیوی ٹریفک اور مسافربردار گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا فیصلہ حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور دھند کے دوران رفتار کم رکھیں۔

مزید برآں، تازہ صورتحال کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

Scroll to Top