مظفرآباد:آزاد کشمیر حکومت نے وفاقی حکومت کی ہدایت پر آزادکشمیر کے عوام کو ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں جدت اور ترقی کے لئے پہلی بار ’’آزاد جموں وکشمیر یونیورسل سروس فنڈ کمپنی‘‘ قائم کردی۔
آزاد جموں وکشمیر یونیورسل سروس فنڈ کمپنی کے پہلے چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر کے کمشنر مظفرآباد زون اشتیاق احمد مقرر کردیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: حویلی: موبائل سروس کی بہتری کیلئے ایس سی او حکام نے بڑا اقدام اٹھا لیا
اس ضمن میں سیکرٹریٹ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی آزادکشمیر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اشتیاق احمد جو سینئر موسٹ اور نہایت تجربہ کار بیورو کریٹ ہیں کو اے جے کے یو ایس ایف کا عبوری سربراہ مقرر کیا ہے وہ آبائی محکمہ ان لینڈ ریونیو کے نارتھ زون کے بدستور کمشنر بھی رہیں گے،اشتیاق احمد ایک نیک نام افسر کے طور پر معروف ہیں۔
آزاد کشمیر حکومت نے یہ کمپنی پہلی بار ترمیمی ایکٹ کی منظوری کے بعد قائم کی ہے جس کا راستہ مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت میں 13ویں ترمیم کی منظوری کے بعد کھلا تھا۔
اس سے قبل یونیورسل سروس فنڈ صرف وفاقی سطح پر تھی جس کا مینڈیٹ ہے کہ موبائل ٹیلی کام و دیگر ٹیلی و براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروسز سے محصولات کی مد میں جمع ٹیکس کو درست طریقے سے ٹیلی کام سیکٹر پر لگانا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بھمبرمیں ناقص موبائل سروسز پر ڈپٹی کمشنر کانوٹس، کمپنیوں کو الٹی میٹم دیدیا
حکومت کے ریونیو میں اضافے کے ساتھ عوام کو بہتر سے بہتر اور دن بدن جدید سروسز فراہمی کے لئے ٹاورز و دیگر سہولیات کا انصرام کرنا بھی ہے ۔
آزادکشمیر میں یہ کمپنی قائم ہونے سے جملہ سیلولر موبائل آپریٹرز کمپنیوں کو براہ راست آزادکشمیر کے اکاؤنٹ میں محصولات جمع کرانا ہونگی اور یہی خطیر زرمبادلہ آزادکشمیر کے ٹیلی کام سیکٹر پر خرچ ہوگا۔
عوامی سماجی، کاروباری حلقوں نے اس کمپنی کے قیام اور اسکے پہلے سربراہ کے تقرر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ٹیلی سروسز معیاری بنانے کا مطالبہ دہرایاہے۔





