ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) روس اور امریکہ نے یوکرین جنگ کے خاتمے اور اپنے سفارتی واقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کےلیے کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں روسی حکام سے مذاکرات کا پہلا دور ختم ہونے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ فریقین نے تین مقاصد کیلئے وسیع پیمانے پر اتفاق کیاجن میں واشنگٹن وماسکو میں سفارتخانوں میں عملے کی بحالی، یوکرین امن مذاکرات کی سپورٹ کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی کی تشکیل، قریبی تعلقات اور اقتصادی تعاون تلاش کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے میزبانی کو سراہتے ہوئے سعودے عرب کے کردار کو انتہائی اہم غیرمعمولی قرار دیا۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ’پوتن اورٹرمپ کے مابین ملاقات کا کوئی وقت مقرر نہیں۔ ریاض مذاکرات یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے پہلا قدم ہونگے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس اور امریکہ میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے لئے اتفاق کیا گیا ہے۔ یوکرین تنازع کے حوالے سے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے تنازعے کے خاتمے کے بعد روس کے ساتھ شراکت داری کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کے امکان ظاہر کیا۔
علاوہ ازیں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے تصدیق کی کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین ایک معاہدہ ہوا ہےجس میں قومی مفادات کو ہرصورت میں مقدم رکھا گیا۔
انہوں نے واشنگٹن کے ساتھ بات چیت کو مفید قرار دیا جبکہ مذاکرات کے لیے مملکت کی جانب سے میزبانی کو سراہا، جس میں دونوں ممالک میں سفیروں کے تبادلہ پر اتفاق کیا جس سے فریقین کے سفارتی مشنز کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہونے کی راہ ہموار ہوئی۔
قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب یوکرین جنگ پر روس اور امریکہ کے درمیان بات چیت کی میزبانی کر رہا ہے، جس کا مقصد عالمی امن اور سلامتی کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان کی تباہ کاریاں، درجہ حرارت منفی 51 ڈگری تک گرنے کا خدشہ