وزیراعظم کے دعوے دھرے رہ گئے، ڈسٹرکٹ ہسپتال نیلم میں ڈاکٹر حاضر ہوئے نہ ادویاب دستیاب ہوسکیں

نیلم (راجہ ساجد سے) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نیلم آٹھمقام میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے 2دوروں کے باوجود کوئی بہتری نہ آسکی، کوئی ڈاکٹرحاضر ہوا نہ ادویات وسہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کشمیر ڈیجیٹل کے مطابق نیلم کے مضافاتی علاقوں میں طبی سہولیات نہ ملنے پر2 خواتین کی اموات کے بعد وزیراعظم نے نوٹس لے کر ہسپتال کے 2دورے کئے لیکن عوام کو کوئی سہولت میسر نہ ہوئی۔

وزیراعظم انوارالحق نے دورہ کے دوران اعلان کیا تھا کہ عوام کو صحت سہولیات فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے اور ڈاکٹرز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹرز کی9 اسامیاں خالی ہیں جبکہ ایک ڈاکٹر جو تعینات ہیں وہ بھی پٹہکہ میں حاضر ہیں، پونے 3 لاکھ کی آبادی کو سہولیات فراہمی کیلئے صرف ایک نرس موجود ہے۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق جو ریاست میں عوام کو بنیادی سہولیات دہلیز پرفراہم کرنے کے دعوے کرتے ان کے دوروں کے باوجود بہتری نہ آنے پر شہری ان پر سوال اٹھانے لگے ہیں۔

ہسپتال میں موجود شہریوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں شاہانہ عمارت تو موجود ہے لیکن ڈاکٹرزدستیاب ہیں نہ ہی ادویات،شدید موسمی حالات میں لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

شہریوں نے کہا کہ کیا ڈاکٹرز وزیراعظم سے زیادہ تگڑے ہیں کہ وہ اعلانات کے باوجود انہیں حاضر نہیں کرسکے، وزیراعظم کو ایک بار پھر نوٹس لے کر اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایمز ہسپتال امبور مسائلستان بن گیا، پینے کا پانی ناپید، مریض بوند بوند کو ترس گئے

Scroll to Top