راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرکا کہنا تھا کہ ذاتی اور مفاداتی سیاسی ایجنڈے کو مسترد کرنا ناگزیر ہوچکا ، فیلڈ مارشل نے منفی پروپیگنڈے کے تدارک میں سول سوسائٹی کی کاوشوں کو اہم قرار دیدیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو) میں بلوچستان پر 18ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کی اورتبادلہ خیال کیا۔
ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی تزویراتی اہمیت پر غور کیا گیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی ثابت قدمی اور حب الوطنی کو سراہا اور کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کی خوش حالی اور ترقی میں کلیدی کردار رکھتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کا جنگی جنون: پاکستانی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان
فیلڈ مارشل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری وسیع تر اقدامات کی تعریف کی اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں پر زور دیا جن کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنانا اور عوام کے مفاد میں اس کے وسیع معاشی امکانات کو بروئے کار لانا ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، خصوصاً منفی پروپیگنڈے کے تدارک میں ان کی کاوشوں کو اہم قرار دیا اور پائیدار ترقی کے لیے ان کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ ذاتی و مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈھاکا میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا اسپیکر ایاز صادق سے غیر متوقع مصافحہ
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل تمام باشندوں کی طویل المدتی خوش حالی سے وابستہ رہے۔ بھارت کے حمایت یافتہ پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔
بھارتی حمایت یافتہ پراکسی عناصر ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ایسے مذموم عزائم کو سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا اور صوبے کو دہشت گردی و بدامنی سے پاک کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی، چاہے وہ براہ راست ہو یا بالواسطہ، کی سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا کے سوالات کے جواب دیے اور بلوچستان کی ترقی و سکیورٹی سے متعلق جاری اقدامات پر مزید روشنی ڈالی۔




