احسن اقبال

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں3.71فیصد اضافہ

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی ) میں 3.71 فیصد کی شرحِ نمو حاصل کی۔

وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ شرحِ نمو مالی سال 25-2024 کی پہلی سہ ماہی کے متعلقہ اعدادوشمار سے 2.15 فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معیشت استحکام کی طرف گامزن ، جی ڈی پی گروتھ 2.7 فیصد رہی ، اقتصادی سروے

انہوں نے کہا کہ یہ مالی سال 25-2024 کے مقابلے میں جی ڈی پی کی سمت میں ایک معیاری تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، اس سے بھی زیادہ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ترقی صنعتی شعبے سے حاصل ہورہی ہے جو مالی سال 26-2025 کی پہلی سہ ماہی میں 9.38 فیصد رہی جب کہ مالی سال 25-2024 کی اسی سہ ماہی میں یہ محض 0.12 فیصد تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے کہ یہ ترقی 2025 کے سیلاب کے جھٹکے اور تمام تر مالیاتی سختیوں، توانائی پر سبسڈی کے خاتمے اور غذائی مہنگائی کے اثرات کو برداشت کرنے کے باوجود حاصل ہورہی ہے۔

اکتوبر میں ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تخمینوں کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2025 کے دوران 3.04 فیصد کی جی ڈی پی شرحِ نمو ریکارڈ کی ہے۔

یہ نمو نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے گزشتہ اجلاس کے دوران لگائے گئے 2.68 فیصد کے تخمینے سے زیادہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت ترقی کی نئی راہوں پرگامزن ہے، عالمی جریدے کا اعتراف

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے مطابق مالی سال 2025 میں معیشت کا مجموعی حجم 113.7 ٹریلین روپے (یعنی 407.2 ارب ڈالر) رہا جب کہ گزشتہ سال یہ حجم 105.2 ٹریلین روپے (یعنی 371.8 ارب ڈالر) تھا۔

مزید برآں این اے سی کے اعداد و شمار کے مطابق فی کس آمدنی 506,188 روپے یا 1,812 ڈالر ہے۔

Scroll to Top