اسلام آباد:آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا،منیجنگ ڈائریکٹر ارشاد بھٹی اور مشیر برائے چیئرمین چوہدری اعجاز رضا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال،اسلم مغل و دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل، بالخصوص قانونی امور، عدالتی کارروائیوں میں درپیش مشکلات اور مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزادکشمیر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ریاست کی معاشی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
حکومت آزادکشمیر اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس ضمن میں قانونی و عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو سرمایہ کاری اور جائیداد سے متعلق کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل راٹھور کے 41روز ،ایوان میں کیا تبدیلی آئی ؟ عوام نے رائے دیدی
وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہائیڈل پاور، سیاحت، زراعت اور دیگر ترقیاتی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اوورسیز کشمیری اپنے تجربے اور وسائل کے ذریعے ان شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اوورسیز کشمیریوں کے اعتماد کو بحال رکھنے اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران آزادکشمیر میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اوورسیز انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد سے نہ صرف اوورسیز کشمیریوں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی حاصل ہوگی بلکہ آزادکشمیر کی معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ا
و پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا نے اس موقع پر اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور او پی ایف کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔




