اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا استعمال سے متعلق واضح ہدایات جاری کر تے ہوئے پابندی عائد کردی۔
اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین کسی بھی سیاسی جلسے، جلوس یا اجتماع میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی اپنے عہدے یا سرکاری حیثیت کو سیاسی اثر و رسوخ کے لیے استعمال کر سکیں گے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین پر ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی کسی قسم کی سیاسی تشہیر، حمایت یا مخالفت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
حکومتی اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی
جس میں قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی اقدامات شامل ہوں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سعودی حکام کا بدانتظامی کیخلاف نوٹس،عمرہ کمپنی پر پابندی عائد
دوسری جانب محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے سرکاری ملازمین کے لیے سیاسی سرگرمیوں پر سخت نوٹس جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں تمام اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی سے مکمل اجتناب کریں۔
مراسلہ صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران (ڈی ایم اوز) کو بھی ارسال کیا گیا ہے تاکہ یہ ہدایات فوری طور پر نافذ کی جائیں۔
مراسلے کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے سیاسی جلسوں، مہمات میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے اور ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی سیاسی نظریات کی تشہیر ممنوع قرار دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور ملازمت سے برطرفی تک کی سزا کا امکان موجود ہے۔ ضلعی تعلیمی افسران کو کہا گیا ہے کہ یہ احکامات سختی سے نافذ کریں تاکہ سرکاری ملازمین کی غیر جانبداری اور تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ ماحول برقرار رکھا جا سکے۔




