پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ نے احتجاجی جلسے میں فیلڈ مارشل سے متعلق خاتون کی تقریرسے اظہار لاتعلقی سے متعلق اپنا بیان ڈیلیٹ کردیا۔
اس سے قبل سوشل میڈیاپر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں احتجاج کے دوران خاتون کی تقریرسے اُن کوئی تعلق نہیں، متعلقہ خاتون پارٹی کی عہدے دار بھی نہیں
خاتون کے خیالات،زبان،طرز گفتگو پارٹی کے مؤقف کی عکاسی نہیں کرتے تاہم یہ ٹوئٹ اب پی ٹی آئی یوکے نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا۔
ایکس پر جاری ایک وضاحتی بیان میں پی ٹی آئی یو کے نے واضح کیا کہ جماعت کسی بھی غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی اور ‘آزاد شہریوں’ کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی غلط فہمی سے بچنے کے لیے اپنے الفاظ میں احتیاط برتیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج میں ریاست مخالف تقاریر، پاکستان کا برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب ایک روز قبل دفتر خارجہ نے برطانوی قائم مقام ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک منعقدہ ایونٹ کے حوالے سے باقاعدہ سفارتی احتجاج (ڈیمارش) دیا گیاتھا۔
اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں ایک خاتون مقرر کو فوجی قیادت کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز اور تشدد آمیز اشاروں پر مبنی بیان دیتے سنا جا سکتا تھا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف کار بم حملے جیسی دھمکی دی گئی تھی۔
ہفتے کی صبح ایکس پر جاری بیان میں پی ٹی آئی یو کے نے کہا کہ بریڈفورڈ احتجاج کی ایک ویڈیو، جس میں ایک شہری کے مبینہ استعاراتی ریمارکس شامل تھے، احتیاطاً ہٹا دی گئی ہے۔




