بریڈ فورڈ احتجاج،پولیس کو شواہد فراہم کئے جائیں، برطانوی ہائی کمیشن کااعلان

اسلام آباد:برطانوی ہائی کمیشن نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ میں پولیس اور استغاثہ حکومت سے آزاد ہو کر کام کرتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ اگر کسی غیر ملکی حکومت کو یہ یقین ہو کہ کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو وہ تمام متعلقہ شواہد برطانیہ میں پولیس رابطہ افسر کے ذریعے فراہم کرے۔

ترجمان نے کہا کہ جو بھی مواد برطانوی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا، اس کا پولیس جائزہ لے گی اور پھر اس کی بنیاد پر فوجداری تحقیقات کا آغاز بھی کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے بریڈ فورڈ میں تحریک انصاف کے مظاہرے کے دوران اعلیٰ عسکری قیادت کو سنگین دھمکیاں دینے اور حکومت مخالف بیانات پر قائمقام برطانوی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور ڈیمارش جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن وزارت خارجہ طلب، بریڈفورڈاحتجاج پر ڈیمارش دیا گیا

قبل ازیں پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطہ کر کے دھمکی دینے میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ دہشتگردی پر لوگوں کو اکسانے کا معاملہ ہے۔

پاکستان نے امید ظاہر کی تھی کہ برطانیہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین نے بھی برطانوی قائم مقام ہیڈ آف مشن کو ڈیمارش جاری کرنے کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی برطانیہ کی سی ڈی ایف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر پر حملے کی دھمکی ، ویڈیو وائرل

Scroll to Top