نظریاتی جیالے کی ایڈجسٹمنٹ، طارق حمید قریشی وزیراعظم کے افسر تعلقات عامہ تعینات

مظفرآباد؛ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے قریبی اور بااعتماد ساتھی، پیپلز پارٹی سٹی مظفرآباد کے سینئر رہنما، پارٹی کے دیرینہ اور نظریاتی جیالے طارق حمید قریشی کو افسر تعلقاتِ عامہ تعینات کر دیا ہے۔

طارق حمید قریشی کا شمار ان ابتدائی اور نظریاتی جیالوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہر مشکل دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مضبوطی سے تھامے رکھا اور قیادت کے ساتھ وفاداری اور استقامت کی روشن مثال قائم کی۔

یہ بھی پڑھیں؛ شوکت جاوید میر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ترجمان مقرر

ان کا خاندان پیپلز پارٹی کی نظریاتی سیاست، قربانی اور خلوص کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ طارق حمید قریشی  کے والد مرحوم بھی سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور کے قریبی، مخلص اور وفادار ساتھیوں میں شامل تھے۔

مشکل حالات میں ان شخصیات نے راجہ ممتاز حسین راٹھور کا نہ صرف سیاسی بلکہ خاندانی سطح پر بھی بھرپور ساتھ دیا۔ یہی وہ گھرانے تھے جنہوں نے ہر آزمائش میں قیادت کے ساتھ کھڑے ہو کر وفاداری کی نئی مثالیں قائم کیں۔

جب راجہ ممتاز حسین راٹھور نے مظفرآباد سے انتخابی میدان میں قدم رکھا تو ان کی انتخابی مہم کا آغاز انہی گھروں سے ہوا، اور انہی خاندانوں کی انتھک محنت، سیاسی بصیرت اور نظریاتی وابستگی نے ان کی تاریخی اور شاندار کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

آج یہ گھرانے اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے، اسی کمٹمنٹ، خلوص اور نظریاتی وابستگی کے ساتھ موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے شانہ بشانہ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور پارٹی و قیادت کے وژن کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پرھیں: وجاہت حسین گردیزی ناظم مذہبی امور،اعزادار شاہ کاظمی سیاسی معاون وزیراعظم تعینات

طارق حمید قریشی کی بطور افسر تعلقاتِ عامہ تعیناتی کو پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نظریاتی، بااعتماد اور تجربہ کار سیاسی کارکن کو یہ اہم ذمہ داری سونپنا قیادت کے اعتماد کا مظہر ہے، جو وزیراعظم آزاد کشمیر کی عوام دوست پالیسیوں اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شہر بھر میں پیپلز پارٹی کے حلقوں کی جانب سے طارق حمید قریشی کو اس اہم ذمہ داری ملنے پر مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

Scroll to Top