برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن وزارت خارجہ طلب، بریڈفورڈاحتجاج پر ڈیمارش دیا گیا

اسلام آباد: وزارت خارجہ نےبرطانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو طلب کرکے برطانیہ میں پیش آئے واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اس وقت ملک میں موجود نہیں تھیں جس کے باعث وزارت خارجہ کی جانب سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کیا گیا۔

یہ ڈیمارش برطانوی شہر بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر ہونے والے احتجاج پر جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی برطانیہ کی سی ڈی ایف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر پر حملے کی دھمکی ، ویڈیو وائرل

ذرائع کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کو برطانیہ میں مظاہرین جمع کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، مظاہرین نے آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض زبان استعمال کی۔

احتجاج کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ انہیں ایک کار بم دھماکے میں قتل کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے برطانیہ کی سرزمین سے دی جانے والی ان دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور زور دیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج میں ریاست مخالف تقاریر، پاکستان کا برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار

پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ برطانیہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین نے بھی برطانوی قائم مقام ہیڈ آف مشن کو ڈیمارش جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔

Scroll to Top