مظفرآباد: سابق وزیراعظم پاکستان ، دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر آج 27دسمبر بروز آزادکشمیر بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیاہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نےسابق وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان، دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو (شہید) کے یوم شہادت کی مناسبت سے کل مورخہ 27 دسمبر 2025 ء کو آزاد کشمیر بھر میں تعطیل عام کیے جانے کی منظوری دیدی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بھر کے تعلیمی ادارے 26 دسمبر کو بند، تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
قبل ازیں جمعہ کے روز سکولز ٹیچرآرگنائزیشن کے کنونشن کے باعث آزادکشمیر کے سکولوں میں تعطیل کااعلان کیا گیا تھا جبکہ پیر روز سے سکولوں وکالجز میں سرماکی تعطیلات شروع ہو جائینگی۔
یاد رہے کہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر سندھ حکومت نے بھی تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔
آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور،وزراءکا کل گڑھی خدابخش میں یوم شہادت کی مرکزی تقریب میں شرکت کا بھی امکان ہے۔
بینظیر بھٹو کافلسفہ مشعل راہ ،عوامی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،فیصل راٹھور
وزیراعظم آزادکشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے دختر مشرق، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں اُن کی عظیم قومی، جمہوری اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوام کے حقوق اور خواتین کے بااختیار کردار کے فروغ کے لیے وقف کئے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں جمہوری جدوجہد کی ایک روشن مثال قائم کی،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے آمریت، جبر اور انتہا پسندی کے خلاف بے خوف ہو کر جدوجہد کی اور عوامی طاقت پر کامل یقین رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کے لیےپروٹیکشن اقدام
وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کی بھرپور حامی رہیں اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کرتی رہیں۔
ان کی جدوجہد اور قربانی کشمیری عوام کے لیے حوصلے اور استقامت کا سرچشمہ ہے۔آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، استحکام اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں اُن کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا کرے۔




