غلطی سے کنٹرول لائن کراس کرنیوالی خاتون واپس حوالے، بھارتی میڈیا کا زہریلا پروپیگنڈا بے نقاب

اسلام آباد/فتح پور تھکیالہ(رپورٹ: نیوز ڈیسک) آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل فتح پور تھکیالہ سیکٹر سےغلطی سے کنٹرول لائن کراس کرنیوالی ذہنی معذور خاتون کو بھارتی حکام نے واپس حوالے کردیاجس سے بھارتی میڈیا پر زہریلا پروپیگنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق گائوں کھنڈ ہار کی رہائشی 25 سالہ خاتون مہناز دختر محمد اسماعیل کھوکھر15دسمبر کو غلطی سے کنٹرول لائن عبور کر گئی تھی جسے بھارتی فورسز نے گرفتار کرلیا تھا وہیں بھارتی میڈیا نے اسے دہشتگرد قرار دیتے ہوئے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا شروع کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کا کنٹرول لائن متاثرین کی مالی امداد میں اضافہ کرنے کا اعلان

مہناز کی شادی 2 سال قبل موہڑہ بھوئیل میں ہوئی تھی لیکن اس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، 12دسمبر کو خاتون کوتحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال نکیال میں چیک اپ کیلئے بھی لایا تو اس کی حالت غیر تھی ، بلڈ بھی کم تھا اور بہت کمزور تھی۔

اس دوران اس کے والدین کو پتہ چلا تو وہ ہسپتال پہنچے اور بیٹی کو گھر لے گئے، 13 اور 14 دسمبر کو ان کے گھر رہی تاہم 15 دسمبر کو بعد دو پہرا چانک غائب ہوگئی۔

ورثاء تلاش کیا اور خاوند سے بھی پوچھا تاہم اس کا کہیں سراغ نہیں ملا ، رات گزری تو دوسرے روز ورثاء نے تلاش گمشدہ کا اشتہار دیا گیاکہ ہماری بچی کہیں گم ہوگئی ہے۔

16دسمبر کو بھارتی ٹی وی چینلز نے خبریں چلانا شروع کردیں کہ دہشتگرد خاتون کو کنٹرول لائن کراس کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔

خاتون کے ورثاء نے میڈیا پر آکر ساری حقیقت بیان کی کہ خاتون عرصہ سے ذہنی مسائل کا شکار تھی اور عموماً رات کو اٹھ کر گھر سے باہرنکل جاتی تھی۔ورثاء کا کہنا تھا کہ ایک نہتی خاتون دہشتگرد کیسے ہوسکتی ہے۔؟

دوسری طرف بھارتی میڈیا نے خاتون کا تعلق عسکریت پسند تنظیم سے جوڑ دیاتھااور جھوٹی کہانی بھی گڑھ لی تھی جس میں بھارتی میڈیا کو خاصی مہارت حاصل ہے۔

بھارتی ویب سائٹ ہند سماچار نے دعویٰ کیا تھا خاتون چوری چھپکے بھارتی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی، اسی دوران حراست میں لے گیا۔اسی طرح الیکٹرانک میڈیا نے بھی جم کر پروپیگنڈا کیا۔

بھارتی میڈیا نے جھوٹی کہانی سسپنس ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ مہناز پاکستانی فوجی چوکی پر رکی تھی جہاں پاکستانی فوجیوں نے اسے ناشتہ کرایا اور آگے کیلئے روانہ کیالیکن گزشتہ روز یہ ساری کہانیاں غلط ثابت ہو گئیں اور بھارتی حکام کو خاتون کو واپس کرنا پڑنا۔

یہ بھی پڑھیں: سڈنی حملہ، بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا زمین بوس، عالمی میڈیا پر پاکستانی مؤقف کی تائید

فتح پور تھکیالہ سے تعلق رکھنے والے صحافی عبدالقیوم طاہر کے مطابق کنٹرول لائن عبور کر کے مہنڈر جانے والی 25 سالہ مہناز کو تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ سے تحصیل انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔

پونچھ انتظامیہ سے تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ سے مہناز کو اسسٹنٹ کمشنر سیماب اسلم نے وصول کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی سے خاتون کی گرفتاری پر اسمبلی میں قرارداد بھی پیش کی تھی جو متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔

Scroll to Top