سرینگر: بھارت نے امریکہ میں مقیم کشمیری لابیسٹ ڈاکٹر غلام نبی فائی کی 1.5کنال سے زائد اراضی کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں این آئی اے کی خصوصی عدالت کے جج یحییٰ فردوس نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 83کے تحت غلام نبی فائی کی جائیداد ضبط کرنے کاحکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا غیرقانونی اقدام ،حریت رہنما یعقوب شیخ کی جائیدادضبط
عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہاکہ ڈاکٹر فائی کو 2020میں انکے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج مقدمے میں مفرور قرار دیا گیا تھا۔
عدالت نے بڈگام کلکٹر کو کھیوٹ نمبر 60 کے تحت ایک کنال اور دو مرلے کی غیر منقولہ جائیداداوردیگر علاقوںمیں 11مرلے اراضی کو فوری طورپر ضبط کرنے کی ہدایت کی۔
امریکہ میں مقیم کشمیری لابیسٹ اور اسکالر ڈاکٹر غلام نبی فائی طویل عرصے سے بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کاز، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض فورسزکی طرف سے جاری انسانی حقو ق کی پامالیوں کواجاگر کرنے کے علاوہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی حمایت کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ قبل ازیں آزادکشمیر میں مقیم کئی کشمیریوں کی مقبوضہ وادی میں جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سری نگر میں سید علی گیلانی کا گھر بھارتی انتظامیہ نے ضبط کر لیا
5اگست 2019کے بعد کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا گیا ہےاور ان پر جبر وظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں جبکہ مسلم آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے ہندوئوں کو مقبوضہ وادی میں آباد کیا جا رہا ہے۔




