پیپلزپارٹی پونچھ کی تمام 10 نشستوں پر کلین سویپ کرے گی، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے دوٹوک اعلان کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں پونچھ کی تمام 10 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں گی ۔۔

آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط عوامی مینڈیٹ کے ساتھ قائم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری انوارالحق کی حکومت کا خاتمہ کوئی ذاتی انتقام نہیں تھا بلکہ آزادکشمیر میں سیاست، ریاست اور نظریے کو بچانےکیلئے ایک ناگزیر فیصلہ تھا جس کے ذریعے سیاسی عمل کو دوبارہ درست سمت میں واپس لایا گیا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزادکشمیر میں نظریاتی انتشار کا خاتمہ کیا ہے اور نظریۂ الحاقِ پاکستان پر کسی بھی قسم کا مزید سمجھوتہ ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ نہ ہم غدار ہیں اور نہ ہمارے بزرگ، ہماری جدوجہد قربانیوں سے عبارت ہے اور ہم آزادی و وقار کی اس جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اس تقریب کی صدارت سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان نے کی اور انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے اور ہماری موجودہ حکومت کوئی انتقامی کاروائی نہیں کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈی جی خوراک آزادکشمیر کی بدانتظامی، سیرسپاٹے ،خزانے کو لاکھوں کی پھکی

سردار تنویر الیاس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انوارالحق دور میں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کو منظم انداز میں بدنام کیا گیا۔

سردار تنویرالیا س کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات عائد ، ہمیں غدار قرار دلوانے کی کوششیں کی گئیں، جنہیں مزید برداشت کرنا ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو اعتماد اور پذیرائی حاصل ہے، اسی لیے انوارالحق حکومت کو گھر بھیجنا اور ریاست و سیاست کو دوبارہ اپنے اصل ٹریک پر لانا ضروری ہو چکا تھا۔

آنے والا دور بلا شرکتِ غیرے پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے اور پارٹی آزادکشمیر میں بھرپور عوامی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھے گی۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن جیتنے کا مکمل تجربہ اور سیاسی بصیرت حاصل ہے، گزشتہ انتخابات میں ہم نے متعدد حلقوں میں طویل عرصے بعد کامیابیاں سمیٹیں اور آئندہ انتخابات میں پونچھ کی دس کی دس نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی۔

انہوں نے سدھنوتی سمیت پونچھ کے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے حقوق، محرومیوں کے ازالے اور ترقیاتی فیصلوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ غیرت مندوں، شہداء اور غازیوں کی سرزمین ہے، اس خطے نے طویل اپوزیشن بھی دیکھی ہے مگر اب ترقی، اختیار اور سیاسی استحکام کا دور شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے حالیہ دورۂ پونچھ سے اس خطے میں سیاست ایک بار پھر زندہ ہوئی ہے اور درجنوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

اپنے دورِ حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بھمبر کی پنجاڑی اور میرپور میں چکسواری کو سب ڈویژن کا درجہ دیا گیا۔۔

ہاڑی گہل کے بعد بیرپانی، ریہاڑہ اور پانیولہ کو انتظامی سطح پر مضبوط بنایا گیا، نیابتیں قائم کی گئیں اور اے سی و ڈی ایس پی تعینات کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سردار محمد یعقوب خان اور ان کی مکمل حمایت سے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے پانیولہ اور کھائی گلہ کو سب ڈویژن بنایا، جس کا کریڈٹ انہی کو جاتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں، فنانشل ٹائمز

انہوں نے کہا کہ پونچھ کے لوگ جب فیصلہ کر لیں تو ناممکن کو ممکن بنا دیتے ہیں، ماضی میں سردار محمد یعقوب خان نے حویلی کہوٹہ جیسے پسماندہ علاقے کو ضلع بنا کر تاریخ رقم کی۔

پاچھیوٹ میں مہاراجہ کے خلاف پہلی بغاوت ہوئی اور چولہہ ٹیکس کے خلاف جدوجہد اس خطے کی غیرت کی علامت ہے۔ داتوٹ میں تھانہ اور ڈگری کالج کے قیام میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا اور داتوٹ کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے اس کی ترقی کو اولین ترجیح بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پانیولہ اور ہاڑی گہل اس حلقے کے دو بڑے تجارتی مراکز بن چکے ہیں، داتوٹ میں تحصیلدار تعینات کیا جائے گا اور پورے حلقے میں صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

2021 میں سردار صغیر چغتائی کی شہادت کے بعد عوام نے احمد صغیر خان کی والدہ کو منتخب کر کے ثابت کیا کہ یہ خطہ نظریاتی سیاست سے پیچھے نہیں ہٹتا۔ سب ڈویژن کا قیام ہمارا فرض تھا، جو ہم نے پورا کیا، ہم وعدوں اور الفاظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے،

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو اس پار کے پونچھ کے عوام سے امیدیں وابستہ ہیں، یہ وہ خطہ ہے جو جان دینے سے بھی گریز نہیں کرتا اور منافقت سے پاک سیاست ہی ہماری پہچان ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نے یہ خطاب پیپلز سیکریٹریٹ ایف-8 اسلام آباد میں منعقدہ ایک بڑے سیاسی اجتماع سے کیا گیا، جس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، مشیر حکومت سردار احمد صغیر، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، سیاسی امور کے مشیر سردار افتخار رشید و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق امیدوار پی پی پی سدھنوتی سردار رئیس انقلابی، صدر حلقہ 5 سردار زاہد شریف، سردار ممتاز ایڈووکیٹ، سردار اسلم خان، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر سردار محمود خان، سابق مشیر حکومت سردار خالد اشرف، ڈاکٹر سردار حمید خان، سردار اشفاق خان، سردار طاہر محمود، راجہ اظہر آزاد کیانی، سردار یاسر اسحاق، سردار ظفر شمیم، سردار وقاص قیوم، سردار فدا حسین، سردار ماجد نذر، ظہور تبسم، سردار ربنواز، سردار ذوالفقار، سردار محمد حفیظ، سینئر صحافی سید مسعود گردیزی، راجہ ہارون کیانی، سردار زاہد اشرف سمیت حلقہ 4، حلقہ 5 راولاکوٹ اور حلقہ پلندری سدھنوتی سے پیپلز پارٹی، پی وائی او اور پی ایس ایف کے درجنوں عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر پارٹی عہدیداران و کارکنان نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورۂ پونچھ اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری پر اظہارِ تشکر کیا،

اس موقع پر انچارج سیاسی امور سردار افتخار رشید چغتائی،سردار شبریز صابر،سردار مشعل یونس،وسیم رشید،عظمان فدا، سابق ڈی پی او پونچھ سردار طاہر سلطان اور سابق وزیراعظم کی سیاسی ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔

Scroll to Top