نئے انتخابات یا پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی واپسی پر ہی مذاکرات ممکن ہیں، شفیع جان

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے دوشرائط رکھتے ہوئے کہا ہے کہ نئے انتخابات یا پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی واپسی پر ہی مذاکرات ممکن ہیں جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے پر ایکشن ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اسٹریٹ موومنٹ کی طرف جارہی ہے، مزاحمت ہی آخری راستہ ہے۔ اس بار احتجاج کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آئیں گے اور نیکسٹ لیول کی تحریک چلائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کو پہیہ جام شٹرڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری ہورہی ہے، تحریک کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، جب بھی تحریک کی کال دی جائیگی تو لاکھوں لوگ نکلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جارہا،رانا ثناءاللہ

انہوں نےکہا کہ صرف دو صورتوں میں مذاکرات ممکن ہیں، یا تو نئے انتخابات ہوں یا پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت لیڈر شپ اور کارکنوں کی رہائی اور جھوٹے مقدمات پر بات کرتی ہے تو ہم بھی بات چیت کےلیے تیار ہیں۔

شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ انہیں سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جارہی۔

مذاکرات کا راستہ نہیں چھوڑا گیا،قانون ہاتھ میں لینے پر ایکشن ہوگا،رانا اثنااللہ

دوسری طرف وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کہا یہ بات غلط ہے کہ تحریک انصاف کے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 4 بار مذاکرات کا راستہ کھولنے کی کوشش کی لیکن تحریک انصاف کا ایک ہی راستہ بغاوت اور مخالفین کو ختم کرنا ہے۔

رانا ثنا نے کہا کہ ایک گروہ اس بات پر تلا ہوا ہے کہ افراتفری ، انارکی اور فتنہ پھیلایا جائے، جب یہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون اپنا راستہ چنےگا۔

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ ان کی جدوجہد الگ طرح کی ہوئی تو ہماری تیاری بھی الگ طرح کی ہوگی۔

Scroll to Top