عازمین حج

پرائیویٹ عازمین کیلئے خوشخبری، رواں سال کوئی بھی حج سے محروم نہیں رہے گا

اسلام آباد: رواں سال کوئی بھی پرائیویٹ حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے ڈیڈ لائن سے قبل ہی تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز کے زیر انتظام عازمین حج کیلئے خوشخبری سامنے آ گئی۔ جہاں اس سال کسی بھی پرائیویٹ حاجی کے حج سے محروم رہنے کا خدشہ نہیں رہا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے حکومتی ڈیڈ لائن سے قبل تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026: عازمین کی آمد و رفت کے لیے چار فضائی کمپنیوں سے معاہدےطے

حکام کے مطابق نجی حج آرگنائزرز نے عازمین حج کی 100 فیصد رقم بروقت سعودی عرب منتقل کر دیْ جس کے بعد عازمین کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر تمام ضروری سروسز کی ادائیگیاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ عازمین حج کیلئے منیٰ میں رہائش کی بکنگ بھی کرالی گئی جس سے حج انتظامات کے حوالے سے تمام بڑے خدشات ختم ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بروقت رقوم منتقل نہ ہونے کے باعث 63 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین حج سے محروم رہ گئے تھے۔ جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔ اس پس منظر میں حکومت نے اس سال نجی حج آپریٹرز کے لیے سخت نگرانی اور واضح ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔

حکومت کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو 31 دسمبر تک تمام مالی اور انتظامی معاملات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس پر نجی حج آرگنائزرز نے عملدرآمد کرتے ہوئے تمام تقاضے مقررہ وقت سے قبل پورے کر لیے۔

یہ بھی پڑھیں: حج 2026 انتظامات:حجاز مقدس میں عازمین حج کے لیے بڑی سہولیات

حکام کا کہنا ہے کہ اس بروقت انتظام سے نہ صرف عازمین حج کو سہولت ملے گی بلکہ گزشتہ سال پیش آنے والی مشکلات کے اعادے کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

Scroll to Top