بالائی علاقوں میں موسم نے انگڑائی لے لی ہے، آزادکشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
زیریں وادی نیلم میں بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مظفرآباد شہر سمیت میرپور، کوٹلی،بھمبر، باغ میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ طویل خشک سالی کے بعد بارش سے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔
گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی جس سے کئی سڑکیں بھی بند ہونےکی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دھند کے باعث مختلف موٹرویز بند، شہریوں کو پولیس کی اہم ہدایات جاری
پشاور، ہنگو اور چارسدہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ روز بارش کے ساتھ ہی صوبے بھر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چمن شہر، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کےکھمبے، دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔راولپنڈی اسلام آباد میں بھی اتور اور پیر کی رات بارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارش و برفباری، خشک سالی کے بعد حالات میں نمایاں بہتری
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز آزادکشمیر ،گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا۔ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں دھند/سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔




