شدید دھند کے باعث ملک کی مختلف موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک بڑی گاڑیوں کے لیے دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور موٹروے ایم تھری لاہور سے رجانہ تک شدید دھند کے سبب بند کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں دھند کے باعث کئی بین الاقوامی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا
سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
ترجمان کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور محفوظ فاصلے کو یقینی بنائیں۔
دوسری طرف بالائی علاقوں میں موسم نے انگڑائی لے لی ہے او، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارش و برفباری، خشک سالی کے بعد حالات میں نمایاں بہتری
پشاور، ہنگو اور چارسدہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی۔
زیریں وادی نیلم میں بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔




