امریکا نے براؤن یونیورسٹی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکا کی سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نویم نے کہا کہ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص نے امریکا آنے کے لیے گرین کارڈ لاٹری پروگرام کا استعمال کیا تھا۔
گرین کارڈ لاٹری کیا ہے؟
امریکا کا گرین کارڈ لاٹری پروگرام دراصل ڈائیورسٹی ویزا (Diversity Visa – DV) پروگرام کہلاتا ہے۔ یہ امریکی حکومت کا ایک سرکاری امیگریشن پروگرام ہے جس کا مقصد دنیا کے اُن ممالک کے شہریوں کو امریکا میں مستقل رہائش کا موقع دینا ہے جہاں سے امریکا میں امیگریشن کی شرح کم رہی ہو۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 900 ارب ڈالر کے دفاعی پالیسی بل پر دستخط کردئیے
اس پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 50 ہزار افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے گرین کارڈ دیا جاتا ہے، جس سے وہ امریکا میں مستقل طور پر رہ سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور بعد میں شہریت کے اہل ہو سکتے ہیں۔
چند روز قبل براؤن یونیورسٹی اور ایم آئی ٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ملزم پرتگالی شہری کلاڈیو مانوئل نیویس ویلینتے 2017 میں ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے تحت امریکا آیا تھا اور اسے گرین کارڈ دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، وہ کیا جو کوئی نہ کرسکا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
48 سالہ نیویس پر الزام ہے کہ اس نے براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کرکے 2 طلبہ کو ہلاک اور 9 افراد کو زخمی کیا، جبکہ اس واقعے میں ایک ایم آئی ٹی پروفیسر بھی ہلاک ہوا۔
اس واقعے کے بعد امریکی حکام نے گرین کارڈ لاٹری پروگرام کی حفاظت اور اس کے استعمال پر نظرثانی کرتے ہوئے پروگرام کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔




