دمشق:امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید فضائی حملے کر دئیے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے شام میں داعش کے خلاف شدید فضائی حملے شروع کردئیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسزکی بڑی کارروائی، داعش ترجمان خارجی سلطان عزیز اعظام گرفتار
امریکی حکام کے مطابق لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں نے وسطی شام میں متعدد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
یہ کارروائی گزشتہ دنوں شام میں امریکی فوجیوں پر ہونے والے حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کا مقصد داعش کے بنیادی ڈھانچے اور ہتھیاروں کی تنصیبات کو ختم کرنا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شام کے قدیم شہر تدمر (پالمیرا) کے قریب مشترکہ گشت کے دوران امریکی اور شامی افواج پر فائرنگ کے واقعے میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 3 امریکی شہری ہلاک ہوئے تھے جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتہائی سخت جواب دینے کا وعدہ کیا تھا۔
امریکا پرحملہ کرنے والوں کو پہلے سےزیادہ سخت جواب ملے گا، امریکی صدر
شام پر فضائی حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایاکہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملے کر رہے ہیں، شام کی حکومت امریکی کارروائیوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا 30 ممالک پر سفری پابندیاں لگانے پر غور ، کونسے ممالک شامل ہیں؟
ٹرمپ نے کہا کہ داعش کے خلاف وعدے کے مطابق بھرپور جوابی حملے کیے جا رہے ہیں، امریکا پرحملہ کرنے والوں کو پہلے سےزیادہ سخت جواب ملے گا۔
دوسری جانب شامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے خلاف فوجی آپریشنز جاری رکھیں گے۔




