دبئی:انڈر19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
جمعے کو دبئی کے سیون ای سیون سٹیڈیم میں پاکستان نے بنگلہ دیش کا 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور انڈیا اتوار کو مدمقابل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ: یو اے ای کوشکست، پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، وہ 2چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ عثمان خان 27 اور حمزہ ظہور 0پر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد حسین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے اقبال حسین ایمان اور سامیون بصیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 27ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
اس سے قبل بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا تھا جس کی وجہ سے میچ کو 27 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔بنگلہ دیش کی جانب سے سامیون بصیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کپتان عزیزالحقیم نے 20، رفعت بیگ نے 14، شیخ پرویز جیبون اور زواد ابرار نے نو، نو جبکہ کلام صدیقی نے آٹھ رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کی تیاری : پاکستانی کرکٹرز نےبگ بیش لیگ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
اسی طرح سے فرید حسن سات، محمد عبداللہ پانچ، محمد سبوج دو، اقبال حسین ایمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعد السلام کوئی رن نہ بنا سکے۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے چار، حذیفہ احسن نے دو جبکہ علی رضا، محمد صائم اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



