اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کوڈی نوٹیفائی کرنیکی منظوری دے دی ہے۔
صدرِ مملکت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دی۔
معزول شدہ جج طارق محمود جہانگیری کو وزارت قانون و انصاف نے باضابطہ طور پر ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شفاف عدلیہ کی جانب بڑا قدم، طارق محمود جہانگیری جج کے عہدے کے لیے نا اہل قرار
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کالعدم قرار دیدی تھی اور جج کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے وفاقی وزارت قانون کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری ایڈیشنل جج اور بعدازاں مستقل جج بننے کے وقت قابل قبول ایل ایل بی کی ڈگری کے حامل نہیں تھے۔
صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی تعمیل اور آئین و قانون کے مطابق دی ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے رواں ہفتے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت میں لگائے گئے کیسز ڈی لسٹ کئے تھے۔




