مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سردیاں شروع ہوتے ہی سلنڈرز کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ گھریلو گیس عام شہریوں کی پہنچ سے باہرہوگئی ۔
مظفرآباد میں گھریلو استعمال ہونے والی ایل پی جی گیس عام شہریوں قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کا بڑا اقدام،41 گرلز کالجز میں فری وائی فائی سروس فراہم
شہریوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سردیوں کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے، ویسے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیا جاتا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔
شہریوں کے مطابق اس وقت مظفرآباد میں گھریلو استعمال کا 11.8 کلوگرام کا ایل پی جی سلنڈر 3700 سے 3800 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ اوگرا کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ 2400 روپے مقرر ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجی کیمپ میں خوفناک آتشزدگی ،اہلکاروں کی دوڑیں
یوں فی سلنڈر تقریباً 1300 سے 1400 روپے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اس کھلی لوٹ مار کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ نہ تو قیمتوں پر کنٹرول کیا جا رہا ہے اور نہ ہی زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ عوام کو سردیوں میں مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔




