جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی کے مقام پر قائدِ ملت چوہدری غلام عباسؒ کی برسی کے موقع پر گورنمنٹ کیپٹن سرور شہید ہائی سکول میں ایک باوقار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اساتذہ کرام، طلبہ، مقامی معززین اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سکول کے وائس پرنسپل سعید قریشی نے کی، جبکہ میجر وسیم بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قائدِ ملت چوہدری غلام عباسؒ کی تحریکِ آزادی کشمیر، سیاسی بصیرت اور لازوال جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ قائدِ ملتؒ نے برصغیر کے مسلمانوں بالخصوص کشمیری عوام کے حقوق کیلئے جو تاریخی خدمات سرانجام دیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان اسمبلی کےعام انتخابات ملتوی
انہوں نے اپنی زندگی تحریکِ آزادی کشمیر کیلئے وقف کی اور کشمیری عوام میں سیاسی شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آج کی نوجوان نسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ قائدِ ملتؒ کے افکار، قربانیوں اور جدوجہد کو اپناتے ہوئے قومی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شفاف عدلیہ کی جانب بڑا قدم، طارق محمود جہانگیری جج کے عہدے کے لیے نا اہل قرار
مہمانِ خصوصی میجر وسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں امن، تعلیم اور شعور کا فروغ انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی کوشاں ہیں، تاکہ سرحدی علاقوں کے طلبہ ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
تقریب کے دوران طلبہ نے قائدِ ملت چوہدری غلام عباسؒ کی خدمات پر تقاریر پیش کیں جبکہ ان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پیغامات بھی دیے گئے۔
آخر میں قائدِ ملتؒ کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک و قوم، بالخصوص لائن آف کنٹرول کے عوام کے امن، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف قومی ہیروز کی یاد تازہ کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، قربانی اور خدمتِ خلق کا جذبہ بھی اجاگر کرتی ہیں، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔




