ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں خصوصی نشست

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس کا مقصد ملکی داخلی صورتحال، مس انفارمیشن کے پھیلاؤ اور دیگر اہم امور پر آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس نشست میں جامع اور تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔

نشست کے دوران شرکاء کو ملکی امور کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر مصدقہ اور بغیر تحقیق معلومات کا پھیلاؤ قومی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے اثرات پر بھی گفتگو کی گئی اور اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شعور اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔

نشست میں شریک طلبہ اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مدلل انداز میں دیے۔ سوال و جواب کے اس سلسلے میں شرکاء کو موقع ملا کہ وہ اپنے خدشات اور آراء پیش کریں، جبکہ بریفنگ کے ذریعے ان امور پر وضاحت فراہم کی گئی جن کا تعلق ملکی سلامتی اور معلومات کے درست استعمال سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کے پیچھے طالبان حکومت بڑی سہولت کار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور افواجِ پاکستان کی مادرِ وطن کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے سیشنز مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے مؤثر تدارک میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور نوجوانوں میں درست معلومات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج اور عوام کے درمیان تعاون ملک کی ترقی اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ شرکاء نے بھی اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔

نشست میں نوجوانوں میں آگاہی بڑھانے اور شعور اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کے سیشنز کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکاء کے مطابق اس نشست نے پاکستان کے استحکام اور ترقی میں طلبہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور فتنہ الخوارج کے بارے میں واضح آگاہی فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں:ٍڈی جی آئی ایس پی آر کی فیض حمید،عمران خان گٹھ جوڑ کی نشاندہی سچ ثابت ہوگئی

آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہم سے ہے اور ہم پاک فوج سے ہیں، اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے یکجہتی اور تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔

Scroll to Top