بابراعظم کا بلا رنز اگلنا بھول گیا،بگ بیش لیگ کے دوسرے میچ میں بھی انتہائی ناقص کارکردگی

پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ سڈنی سکسرز نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف اپنا دوسرا میچ بھی آخری اوور میں ہار کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتہ نہیں کھولا۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں بابر اعظم 10 گیندوں پر صرف 9 رنز بنا سکے اور تیسرے اوور کی دوسری گیند پر انگلش فاسٹ بولر لیوک ووڈ کا شکار بنے، جن کی گیند پر میتھیو شارٹ نے ان کا کیچ تھاما۔ بابر اعظم نے اس اننگز کے دوران ایک چوکا بھی لگایا جو ان کا بی بی ایل میں پہلا چوکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بگ بیش لیگ، شاہین آفریدی کا مایوس کن ڈیبیو، بولنگ سے روک دیا گیا 

بابر اعظم نے ٹورنامنٹ کا آغاز گزشتہ اتوار پرتھ اسکورچرز کے خلاف 2 رنز پر آؤٹ ہو کر کیا تھا، جس کے بعد ان کی فارم پر سوالات مزید بڑھ گئے ہیں۔

بی بی ایل کو بابر اعظم کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل فارم بحال کرنے کا موقع قرار دیا جا رہا تھا تاہم اب تک کی کارکردگی توقعات کے برعکس رہی ہے۔

بابر اعظم کی ناقص فارم نے ان کے مداحوں کو بھی تقسیم کردیا ہے۔ بعض مداح بابر کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کررہے ہیں تو بعض ان کی حمایت میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے 4 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ اس دوران سڈنی سکسرز کے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ ٹورنامنٹ ایک مشکل آغاز ثابت ہوا کیونکہ شاہین آفریدی کو اپنے پہلے میچ میں اوور کے بیچ میں باؤلنگ سے ہٹا دیا گیا تھا۔

میچ کے دوران بابراعظم کو اسٹیڈیم میں موجود آسٹریلوی شائقین کی جانب سے بھی شدید تنقید اور ‘بوئنگ’ کا سامنا کرنا پڑا، اور ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ میں سب سے مہنگے 4 قومی کرکٹرز کے نام سامنے آگئے

سڈنی سکسرز اپنا تیسرا میچ ہفتہ (20 دسمبر) کو سڈنی کے ای این جی آئی ای اسٹیڈیم میں سڈنی تھنڈر کے خلاف کھیلیں گے، پاکستانی شائقین امید رکھیں گے کہ بابر اعظم اس بار زبردست اننگ کھیل کر ناقدین کو بھرپور جواب دیں گے۔

Scroll to Top