مظفرآباد: سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدار ت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزراء حکومت چوہدری قاسم مجید ،جاوید اقبال بڈھانوی، محترمہ نبیلہ ایوب اور ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کے حق میں قراردادیں پیش کی گئی جو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیں۔
وزیرخوراک جاوید اقبال بڈھانوی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ قانون سازاسمبلی آزادکشمیر کا یہ ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوبطور چیف آف ڈیفنس فورسز(CDF) تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر اسمبلی میں انتقامی تبادلوں کی گونج،کشمیر بینک کے غیر ریاستی ملازمین کی تفصیلات بھی پیش
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعیناتی نہ صرف ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ بھارت کے خلاف ہونے والی جنگ جس کو معرکہ بنیان مرصوص کا نام دیا گیا، میں کامیابی ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور وطن سے محبت کا عملی ثبوت ہے۔
معرکہ حق کی کامیابی کے بعد پاکستان کو سفارتی سطح پر بے شمار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہےجس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
اس معزز ایوان کی رائے میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں، بے لوث اور جرات مندانہ قیادت کے باعث نہ صرف پاکستان دفاعی طور پر مضبوط ہوگا بلکہ ایک مضبوط معاشی قوت بن کر ابھرے گا۔
یہ ایوان فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور مسلح افواج پاکستان کو یہ یقین دلاتا ہے کہ پوری کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اورکسی بھی آزمائش میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
وزیر کشمیر کاز و آرٹس اینڈ لینگوجزمحترمہ نبیلہ ایوب کی جانب سے پیش کردہ قرار اد میں کہا گیا کہ موجودہ نازک اور چیلنجنگ حالات میں پاک فوج ایک مضبوط دیوار کی طرح ملک کے دفاع، سلامتی واستحکام کے لئے ہر وقت کھڑی رہی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر : طلباء کو سکولوں میں صبح کی اسمبلی سے استثنیٰ مل گیا
موجودہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے کیریئر کے دوران پاکستان کی مسلح افواج میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنے پیشہ ورانہ عزم، وطن کی خدمت، اور بہادری کے ذریعے قومی سطح پر عزت و وقار بڑھایا ہے۔
قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ معزز ایوان نظریاتی، دفاعی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب کو چیف آف ڈیفنس فورسزکا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔
یہ ایوان افواج پاکستان اور مملکت خداداد پاکستان کو معرکہ حق کی شاندار کامیابی پر،دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہونے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
یہ ایوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا بہترین اور لازوال سفارت کاری کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا امیج بلندکرنے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگرکرنے پر ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
یہ ایوان مسلح افواج جو دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی آبیاری اپنے خون سے کررہے ہیں،ان کی پیشہ وارانہ صلاحیت، صبر، قربانی اور حب الوطنی قوم کے لئے باعث فخر ہے، ان شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
اس معززایوان کی رائے میں پاکستانی اور کشمیری قوم کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنے کے لئے اپنی بہادر مسلح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ممبراسمبلی سردار میراکبر خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بطور چیف آف ڈیفنس فورسز(CDF)تعیناتی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہے اور مملکت خداداد پاکستان کے لئے ان کی عسکری خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
اس معزز ایوان کی رائے میں پاکستان کی فضائی، بحری وبری افواج کی مشترکہ کمانڈ سے نہ صرف افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت میں بہتری آئے گی بلکہ عسکری محاذ پر بھی کامیابی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ،30نکاتی ایجنڈا پیش،احتساب ایکٹ میں ترمیم سمیت اہم فیصلوں کی منظوری
اس معزز ایوان کی رائے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور خدمات کا اعتراف ہے، جو انہوں نے مئی2025ء میں ہونے والی پاک بھارت جنگ میں بھارت کو شکست فاش دے کر پوری قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔
یہ ایوان مسلح افواج پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور مسلح افواج پاکستان کو یقین دلاتا ہے کہ پوری کشمیری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دفاع وطن کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔




