کراچی:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پرواز کے پورے عملے کی گمشدگی اور سیاسی پناہ لینے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان اطلاعات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ ایک افغان اور پاکستان دشمن اکاؤنٹ کی جانب سے یہ جعلی دعویٰ کیا گیا کہ پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کے تمام عملے نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے، تاہم اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ گمراہ کن ٹوئٹ پاکستان دشمنی پر مبنی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلائی گئی جس کا مقصد قومی ایئرلائن اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو پی آئی اے کے کسی عملے کی اجتماعی گمشدگی کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سیاسی پناہ کی درخواست دی گئی ہے۔
A tweet, circulated by certain anti-Pakistan quarters, claiming that whole crew of a particular #PIA flight is missing, is entirely baseless.
Purpose of this tweet seems to malign PIA and #Pakistan 🇵🇰
There has been no such incidence, and the news is fake.
— PIA (@Official_PIA) December 14, 2025
پی آئی اے کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی خبریں مکمل طور پر جعلی ہیں اور عوام کو ان پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ قومی ایئرلائن کے مطابق پاکستان اور پی آئی اے کو بدنام کرنے کے لیے منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ماضی میں پی آئی اے کے عملے کے بعض ارکان کی کینیڈا میں گمشدگی کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔ 21 نومبر کو پی آئی اے کے ایک فضائی میزبان کے کینیڈا میں غائب ہونے کی رپورٹ سامنے آئی تھی جس کے بعد قومی ایئرلائن نے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے انجینئرز کا احتجاج، بین الاقوامی پروازیں متاثر، نجکاری عمل دباؤ کا شکار
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق مذکورہ فضائی میزبان نے ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز پی کے-798 کے لیے رپورٹ نہیں کیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ رابطہ کرنے پر فضائی میزبان نے صحت کی خرابی کا عذر پیش کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور اگر غیرقانونی گمشدگی کی تصدیق ہوئی تو متعلقہ فضائی میزبان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 5 سال بعد بحال، پہلی پرواز مانچسٹر روانہ
پی آئی اے نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ ٹورنٹو میں پورے عملے کی گمشدگی یا سیاسی پناہ لینے سے متعلق خبروں میں کوئی حقیقت نہیں اور یہ محض جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے۔




