اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے آج پھر ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے کا اعلان کردیا جبکہ حکومت نے ملاقات کرانے کا اشارہ دیدیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے اور وہاں بیٹھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ورزش کرتے ہوئے وائرل تصویر پرانی مگر اصلی ہے، علیمہ خان
انہوں نے کہا کہ اگر ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی اور ہم پر پانی پھینکا جاتا ہے تب بھی ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹیم ہی ہماری ٹیم ہے، علیمہ خان گروپ اور بشریٰ بی بی گروپ پروپیگنڈا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو اس کے بانی سے ملاقات کرانے کی اجازت دینے کا اشارہ دیدیاہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا رویہ بہتر ہوا ہے، پی ٹی آئی والے جیل مینول کی پاس داری کریں تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جیل میں تھے تو ان کے وکلا نے کبھی سیاسی بات نہیں کی، وہ صرف کیسز پر توجہ دیتے تھے، یہ جب آتے ہیں سیاسی گفتگو کرتے ہیں، جیل مینئول کی خلاف ورزی کوئی بھی کرےگا ملاقات بند ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: نجم سیٹھی کا تہلکہ!عمران خان کے کہنے پر ان کی بہنیں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہی ہیں
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ناشتہ غریب کے چار دن کے کھانے کے برابر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو ٹریڈ مل دستیاب ہے، وہ ڈیڑھ گھنٹہ سائیکلنگ کرتے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کال پر اب لوگ نہیں نکلتے،کے پی میں ان کی حکومت ہے، اس کے باوجود لوگ نہیں نکال پا رہے، پی ٹی آئی کا ووٹر مایوس ہوکر گھر بیٹھ گیا ہے۔




