مظفرآباد:وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہاہے کہ مظفرآباد شہر کی محبت کا قرض ادا کرینگے جونہی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوگی پہلا مطالبہ دانش سکول مظفرآباد کا ہوگا۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سردارمختاراحمد عباسی کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوامی حقوق کے معاہدے پر عملدرآمد سب سے پہلی ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 6ماہ کی حکومت ٹیسٹ کیس،انقلابی منشور سے عوام کی تقدیر بدلیں گے ، وزیراعظم فیصل راٹھور
پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں ہے، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ۔سی ایم ایچ مظفرآباد کی مزید توسیع / اپ گریڈیشن ، مظفرآباد شہر میں بجلی کے نظام کی اپ گریڈیشن ،لوہار گلی بائی پاس وٹنل، دومیل سیداں مانک پیئاں روڈ کی تعمیر، رشید آباد امبور بائی پاس، چہلہ بائی پاس کی تعمیر ترجیح ہے۔
گوجرہ درہ بٹنگی برارکوٹ واٹر سپلائی سکیم ، برار کوٹ میں ٹاون کمیٹی ، بی ایچ یو برارکوٹ ، گرلز ڈگری کالج برارکوٹ ، چہلہ پل کی مرمت یا نئے چہلہ پل کی تعمیر، سنڈگلی قبرستان کیلئے جگہ کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر فوری عملدرآمد، پلیٹ تا علامہ اقبال برج تک واک وے کی تعمیر، کارڈیک ہسپتال کی ضروریات کو پورا ، گوجرہ ویسٹرن بائی پاس کے ساتھ پانی کی نکاسی ، نلوچھی گراونڈ کی اپ گریڈیشن، واٹر سپلائی سکیم دولت کالونی،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، چھترسمیت مہاجرین کو قبرستان کیلئے جگہ فراہم کرینگے۔
سی ایم ایچ فلائی اوور جلد مکمل مکمل ہوگا، دارلحکومت کی خوبصورتی کے حوالے سے آئندہ دو روز میں تمام متعلقہ محکمہ جات کی میٹنگ بلائیں گے ۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے جونہی ملاقات ہوگی پہلا مطالبہ دانش سکول مظفرآبادکے قیام کاہوگا۔
فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ مظفرآباد سے تعلق وراثت میں ملا ہے ، میرے والد جب حویلی اور مظفرآباد دونوں حلقوں سے الیکشن جیتے تو انہوں نے حویلی کی سیٹ چھوڑی لیکن مظفرآبادکو نہیں چھوڑااسی وجہ سے لوگ آج پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
آج پھر جب پیپلزپارٹی کو خدمت کا موقع ملا ہے تو مظفرآباد کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کے بہترین استقبالیہ پر مختار احمد عباسی اور پی پی مظفرآباد کے کارکنا ن کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔ آج کا یہ یہ استقبالیہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا استقبالیہ ہے، ثابت ہو گیا کہ مظفرآباد کا پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت اور مختار عباسی پر اعتماد ہے۔
جب سے آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوئی ہے ، ریاست کے عوام نے اسکی اونر شپ لی ہے ، ریاست کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ریاستی عوام کا دیرینہ مضبوط رشتہ اور اس رشتے کا اظہار بارہا بلاول بھٹوزرداری نے کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: شاندار کارکردگی کی بنیاد پرعوام کے پاس جائیں گے ،آئندہ الیکشن بھی جیتیں گے: شہباز شریف
انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مجھے کہاکہ عوامی حقوق کا جو معاہدہ ہے اس میں جومعاملات آزادکشمیر سے متعلق ہے انکو حل کرنے میں لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور جو معاملات وفاقی حکومت سے متعلقہ ہیں ان پر بلاول بھٹو زرداری خودوفاقی حکومت سے بات کرینگے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں ہے ، یقین ہے کہ ریاست کے عوام کوشکوہ توہو سکتا ہے لیکن ہمارے دل میں پاکستان بستا ہے۔پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا ہے۔عوامی حقوق کی جنگ عوام کے سنگ لڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جن مسائل کا ذکر مختار عباسی نے کیا ہے انکو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا یہ اجتماع دیکھ کر لگ رہا ہے کہ آنے والاوقت بھی پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ۔




