افغانستان کے ہمسایہ ممالک اور روس کے خصوصی نمائندوں کا ایک اہم اجلاس تہران میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان نے دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے سنجیدہ تدارک پر زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق نے کی، جبکہ وفد میں ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو اور افغانستان میں پاکستانی سفیر عبیدالرحمان نظامانی بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردی کا نیا خطرہ ، عالمی برادری کردار ادا کرے : وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستانی وفد نے اجلاس کے دوران واضح موقف اختیار کیاکہ افغانستان میں پائیدار استحکام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے مسئلے کا مؤثر اور فوری حل ناگزیر ہےکیونکہ اس کے اثرات براہ راست پاکستان کی سلامتی پر مرتب ہو رہے ہیں۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہاکہ اجلاس میں شریک ممالک نے مجموعی طور پر پاکستان کے موقف سے اتفاق کیا اور اس بات کو تسلیم کیا کہ دہشت گردی سے متعلق اسلام آباد کے تحفظات کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔
خصوصی نمائندہ محمد صادق نے شرکا کو بتایا کہ خطے میں بامعنی تعاون کے لیے پہلا اور بنیادی قدم افغان سرزمین کو بلا امتیاز دہشت گرد عناصر سے پاک کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہی ہمسایہ ممالک افغانستان کے ساتھ مؤثر روابط قائم کر سکیں گے۔اجلاس کا افتتاح ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کلیدی خطاب سے کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وفد نے اس موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد خطے میں امن، ترقی اور دیرپا سلامتی کے فروغ کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی سے ایران بھی شدید متاثر ہو سکتا ہےکیونکہ دونوں ممالک کے ساتھ ایران کی مشترکہ سرحدیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ طالبان حکومت کے تہران اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کا احترام کیا جاتا ہےتاہم ایسے علاقائی فورمز باہمی اعتماد اور مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغان علماء کا بڑا فیصلہ
اجلاس کے موقع پر پاکستان کے خصوصی نمائندہ محمد صادق کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات بھی ہوئی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطح روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
محمد صادق نے اجلاس کی میزبانی پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ فورم خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔




