خالدہ ضیاء

بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیاء کی حالت بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی طبی حالت انتہائی نازک ہو گئی ہے اور انہیں ڈھاکا کے ایور کیئرہسپتال میں شدید پیچیدگیوں کے باعث وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق خالدہ ضیاء کے گردے مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں اور انہیں زندہ رکھنے کے لیے مسلسل ڈائیلاسز کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر اہم طبی مسائل بھی تیزی سے بگڑ رہے ہیں ۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین تعلق دار نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کو شدید سانس کی تکلیف ، خون میں آکسیجن کی کمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑھتی ہوئی سطح کے مسائل کا سامنا ہے ۔

انہیں ابتداء میں ہائی فلو نزل کینولا کے ذریعے سپورٹ دی جا رہی تھی، تاہم حالت میں بہتری نہ آنے پر انہیں الیکٹیو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تاکہ پھیپھڑوں اور دیگر اعضا کو آرام مل سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل

ڈاکٹرز کے مطابق 27 نومبر کو خالدہ ضیا میں لبلبے کی شدید سوزش کی تشخیص ہوئی، جو اب بھی انتہائی نگہداشت کی متقاضی ہے ۔ شدید انفیکشن کے باعث انہیں طاقتور اینٹی بایوٹکس اور اینٹی فنگلز دی جا رہی ہیں، جبکہ نظامِ ہاضمہ میں خون رسنے کی وجہ سے مسلسل خون اور اجزاء کی منتقلی کی ضرورت پیش آ رہی ہے ۔

علاوہ ازیں، ایکو ٹیسٹ میں دل کے آرٹک والو میں مسائل کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد مزید جانچ کے دوران انہیں انفیکٹو اینڈو کارڈائٹس کی تشخیص ہوئی ۔ علاج عالمی معیار کے مطابق شروع کیا گیا ہے اور ملکی و غیر ملکی ماہرین سے مشاورت بھی جاری ہے ۔

میڈیکل بورڈ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خالدہ ضیاء کی صحت کے بارے میں افواہوں سے گریز کیا جائے کیونکہ ان کی حالت نازک ہے اور ایک مشترکہ ٹیم روزانہ ان کے علاج کا جائزہ لے رہی ہے ۔

Scroll to Top