حویلی کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل، سعد بخاری سے) دیگوار کے عوام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بوائز ہائی سکول دیگوار سے ملحقہ مرکزی سڑک حالیہ سیلابی ریلوں کے باعث نالے میں بہہ کر مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
نہ صرف سڑک کا بڑا حصہ مٹی کا تودہ گرنے سے بہہ گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ موجود حفاظتی دیواریں بھی مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دیگوار لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع ہے اور یہاں کی سڑکیں دفاعی اور شہری دونوں اعتبار سے نہایت اہمیت رکھتی ہیں
، لیکن اس کے باوجود محکمہ شاہرات کے افسران کی مسلسل عدم توجہی کے باعث سڑک اب ناقابلِ استعمال ہو چکی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزادکشمیر کی 50 سالہ گولڈن جوبلی، بہترین کوریج پر صحافیوں میں ایوارڈ تقسیم
روزمرہ سفر، مریضوں کی منتقلی، طلبہ کے اسکول آنے جانے اور اشیائے ضروریہ کی رسد شدید متاثر ہورہی ہے۔
علاقے کے لوگوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی توجہ اس سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرواتے ہوئے زور دیا ہے کہ دیگوار کی تباہ شدہ سڑک کی فوری تعمیر و بحالی ناگزیر ہو چکی ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کریں تاکہ سڑک اور حفاظتی دیواروں کی مرمت جلد از جلد ممکن ہوسکے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رابطہ مزید متاثر ہوگا اور شہری مشکلات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔




