رواں سال کا آخری سپر مون پاکستان میں نظر آئے گا؟

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) رواں سال کا آخری سپر مون 4 اور 5 دسمبر کی رات پاکستان میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ اس حوالے سے اسپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن) نے تفصیلات جاری کی ہیں۔

اسپارکو کے مطابق دسمبر کا کولڈ مون پاکستان بھر میں بڑے اور روشن چاند کے طور پر نظر آئے گا۔ سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنی پیریجی یعنی زمین کے سب سے قریب ترین مقام پر پہنچتا ہے، جس کی وجہ سے چاند عام سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

اسپارکو کا کہنا ہے کہ دسمبر کا کولڈ مون رواں سال کا تیسرا اور آخری سپر مون ہے۔ سپر مون 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر 99.8 فیصد روشن حالت میں عروج پر پہنچے گا۔

چاند 4 دسمبر کو شام 4 بج کر 58 منٹ پر طلوع ہوگا اور اس وقت یہ 99 فیصد روشن ہوگا۔ اسپارکو نے بتایا کہ سپر مون عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج آسمان پر نمودار ہوگا

زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ 4 اور 5 دسمبر کو 357,218 کلومیٹر ہوگا۔ اسپارکو کے مطابق سپر مون عام طور پر سال میں 3 سے 4 مرتبہ وقوع پذیر ہوتا ہے اور یہ منظر صاف موسم میں بغیر کسی خصوصی آلے کے بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ سپر مون دیکھنے کے شوقین افراد اس رات آسمان کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، اور یہ موقع فوٹوگرافی کے لیے بھی بہترین ثابت ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:رواں سال کا پہلا سپر مون معمول سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن نظر آ رہا

پاکستان کے مختلف شہروں میں شفاف آسمان کی صورت میں شہری اس ماہ کے آخری سپر مون کا بھرپور مشاہدہ کر سکیں گے۔

Scroll to Top