رواں سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج آسمان پر نمودار ہوگا

کراچی: (کشمیر ڈیجیٹل) سال 2025 کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوگا۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں یہ قدرتی منظر واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت بنتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے سب سے قریب پہنچ جاتا ہے۔ اس دوران چاند عام دنوں کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہوگا جو اپنے حجم اور روشنی میں غیر معمولی اضافہ کے ساتھ نظر آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سونا مزید سستا، فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی

ترجمان نے بتایا کہ آج شام 6 بج کر 19 منٹ پر چاند اپنی روشنی کے عروج پر ہوگا اور زمین کے قریب ترین فاصلے 221,817 میل پر واقع ہوگا۔ اس وقت چاند کا حجم معمول کے مقابلے میں 9.7 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ سپارکو کے مطابق پاکستان میں چاند کے طلوع ہونے کے فوراً بعد اس شاندار منظر کو دیکھا جاسکے گا۔ یہ نظارہ نہ صرف فلکیات کے شائقین بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی دلچسپی اور تجسس کا باعث ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری، سردی میں اضافہ

یاد رہے کہ یہ رواں سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہے، جبکہ اگلا سپر مون دسمبر میں دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موسم سرما کے صاف آسمان کی وجہ سے یہ نظارہ اور بھی واضح ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہروں سے دور اور کم روشنی والے علاقوں میں یہ منظر سب سے خوبصورت نظر آئے گا۔ سپر مون کا یہ واقعہ نہ صرف سائنسی اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہ عوام کے لیے ایک دلکش اور یادگار فلکیاتی مظہر بھی بنے گا۔

Scroll to Top