سردی کی شدت، آزادکشمیر حکومت کی ایڈوائزری جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سردیوں میں سانس، دل کے مریضوں اور بزرگوں کیلئے خاص احتیاط، مناسب گرم کپڑے، ہیٹر اور اگنیشن کے محفوظ استعمال، اور ایمرجنسی میں ایس ڈی ایم اے کے نمبر 05822-921643 اور قریبی ریسکیو 1122 سےرابطہ کریں۔

بزرگ شہریوں کیلئے ایڈوائزری :

بزرگ، چھوٹے بچے اور دائمی بیماریوں (دل، شوگر، سانس) والے افراد خاص طور پر احتیاط کریں، بہت ٹھنڈی ہوا میں بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پرل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ مالی بحران کاشکار ، ملازمین سراپا احتجاج

گھر میں رہتے ہوئے گرم کپڑے، جرابیں، ٹوپی اور اگر ممکن ہو تو ہلکی اونی دستانے پہن کر جسم کو ڈھانپ کر رکھیں۔
ہلکی پھلکی جسمانی حرکت (چلنا پھرنا، جوڑ ہلانا) خون کی گردش بہتر رکھتی ہے اور سردی کے مضر اثرات کم کرتی ہے۔

بچوں کی حفاظت :

نومولود اور چھوٹے بچوں کو ہرگز ٹھنڈی ہوا میں براہِ راست نہ لائیں، انہیں ٹوپی، جرابیں، دستانے اور گرم کپڑے پہنا کر رکھیں۔

بچوں کو برف یا بہت ٹھنڈے فرش پر ننگے پاؤں نہ چلنے دیں، نزلہ، کھانسی یا سانس میں تکلیف ہو تو مقامی ہیلتھ سنٹر یا ڈاکٹر سے فوراً رابطہ کریں۔

اسکول جانے والے بچوں کو صبح کے وقت اضافی سویٹر/جیکٹ، مفلر اور بارش/برف باری کی صورت میں واٹر پروف جوتے پہننے کی تاکید کریں۔

گھر اور ہیٹر کے محفوظ استعمال کی ہدایات:

گیس ہیٹر، لکڑی یا کوئلے والے انگھیٹھی/بخاری کا استعمال صرف ہوادار کمرے میں کریں، دروازہ یا کھڑکی تھوڑی سی کھلی رکھیں تاکہ زہریلی گیس جمع نہ ہو۔

سونے سے پہلے ہر قسم کا ہیٹر بند کر دیں، کاربن مونو آکسائیڈ گیس بے رنگ اور بے بو ہوتی ہے جو بے خبری میں جان لے سکتی ہے۔

سلنڈر، گیس ریگولیٹر اور تاروں کی لیکیج باقاعدگی سے چیک کریں اور بچوں کو آگ یا ہیٹر کے بہت قریب نہ بیٹھنے دیں تاکہ جلنے کے حادثات سے بچا جا سکے۔

سفر، بجلی بندش اور ایمرجنسی تیاری :

-برف باری، کہر یا بارش میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اگر سفر ضروری ہو تو گاڑی کی حالت، ٹائر اور بریک پہلے سے چیک کر لیں اور اضافی گرم کپڑے، پانی اور ہلکا سا خشک راشن ساتھ رکھیں

– بجلی بند ہونے کی صورت میں استعمال کے لیے ٹارچ، اضافی بیٹریاں، پاور بینک، ماچس/لائٹر اور پہلی طبی امداد (pain killer, bandage وغیرہ) گھر میں موجود رکھیں۔

– بزرگ یا بیمار افراد کی ضروری دوائیں پہلے سے مناسب مقدار میں خرید کر محفوظ رکھیں تاکہ برف باری یا لینڈ سلیڈنگ کی صورت میں مشکل پیش نہ آئے۔

کسی بھی بڑی آفت، لینڈ سلائیڈنگ، برف باری سے سڑک بند ہونے، یا جانی نقصان کے خطرے کی صورت میں فوری طور پر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم ) آزاد کشمیر کے نمبر 05822-921643 یا قریبی ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

دیگر ہنگامی مدد کے لیے ریسکیو 1122، قریبی پولیس اسٹیشن، یا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے ایمرجنسی نمبر پر بھی اسی وقت اطلاع دیں تاکہ بروقت امداد پہنچ سکے۔

Scroll to Top